حج کو مثالی اور بہترین بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اورعازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں،حج ایڈوائزری کمیٹی،انتظامات کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی 20 مئی کے بعد سعودی عرب کا دورہ کریگی،کرایوں کی اضافی رقوم حج سے قبل واپس کردی جائینگی، 68 رہائش گاہیں خریدلیں، مزید شعبان تک خریدلینگے ،اچھی کوالٹی کی400 بسیں ہائر کی گئیں،گردن توڑ بخار کی ویکسی نیشن مفت کی جائیگی،وفاقی وزیر سردار یوسف

جمعرات 15 مئی 2014 07:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء)حج ایڈوائزری کمیٹی نے کہاہے کہ حج2014ء کو مثالی اور بہترین بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور عازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، انتظامات کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی 20 مئی کے بعد سعودی عرب کا دورہ کریگی،جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ کرایوں کی مد میں لی گئی اضافی رقوم عازمین کو حج سے قبل واپس کردی جائینگی، 68 رہائش گاہیں خریدی جاچکیں۔

مزید شعبان تک خریدلینگے ،اچھی کوالٹی کی400 بسیں ٹرانسپورٹ کی سہولت کی خاطر ہائر کی گئیں،گردن توڑ بخار کی ویکسی نیشن مفت کی جائیگی۔ بدھ کے روز حج ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس کمیٹی چیئرمین و وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی زیر صدارت اسلام آباد وزارت مذہبی امور میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین حافظ عبدالکریم، ممبر کمیٹی ایم این اے محمد اکرم انصاری، سینیٹر مولانا بخش چانڈیو، سینئر کنسلٹنٹ وزارت قانون و انصاف چوہدری غلام رسول، جوائنٹ سیکرٹری سول ایوی ایشن افتخار میر نے شرکت کی جبکہ وزیر مملکت پیر امین الحسنات کو خصوصی طور پر ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں مدعو کیاگیا۔

اجلاس میں حج انتظامات کا جائزہ لیاگیا اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ پارلیمانی کمیٹی حافظ عبدالکریم کی سربراہی میں ذاتی خرچہ پر سعودی عرب جائیگی اور انتظامات کا جائزہ لیاجائیگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ اجلاس کا مقصد حج انتظامات کے حوالے سے مشاورت کرنا ہے تاکہ کس طرح انتظامات بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔ اجلاس میں گزشتہ سال ہونیوالے حج انتظامات اور وفاقی وزیر مذہبی امور کے رویہ کو سراہاگیا اور کہاگیا کہ سردار محمد یوسف کا رویہ بہت مثبت ہے جس کے باعث کمیٹی کا کام بہتر ہوتاہے جبکہ عازمین کو صحیح طور پر سہولیات مہیا ہوتی ہیں۔

اس موقع پرایڈوائزری کمیٹی کو مزید بتایاگیا کہ حج درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور 20مئی تک تمام کام بشمول ڈیٹا انٹری مکمل کرلیا جائیگا جبکہ 20مئی کے بعد بذریعہ خطوط تمام امیدواروں کو آگاہ بھی کردیا جائے گا اور کامیاب امیدواروں کو حج مبارک کے خطوط لکھے جائینگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ گردن تو ڑ بخارکیلئے ویکسین ترکی نے فراہم کی ہے جوکہ 1لاکھ 50ہزار حاجیوں کیلئے فراہم کی گئی ہے اس طرح گردن توڑ بخار کی ویکسی نیشن مفت کی جائیگی اور اس کی کوئی قیمت حاجیوں سے وصول نہیں کی جائیگی اس حوالے سے پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کو بھی آگاہ کیا جائیگا جبکہ فلو کی ویکسین کیلئے ٹینڈر اوپن کردیاہے جبکہ و دیگر ادویات کی دستیابی کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔

کمیٹی کو مزید بتایاگیا کہ اب تک 68 عمارتیں حاصل کرلی گئی ہیں جوکہ عزیزیہ میں ہیں اور ان کا کرایہ فی حاجی سے 18 سو ریال وصول کیا جائیگا اور اس مد میں اضافی لئے گئے پیسے حج سے قبل عازمین کو واپس کردیئے جائینگے اسی طرح مدینہ میں بھی یہی کرایہ وصول کیا جائیگا اور وہاں لی گئی عمارتیں حرم سے ایک کلو میٹر پر ہیں جبکہ خانہ کعبہ میں رہائش کے ساتھ ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے اور 400 اچھی کوالٹی کی بسوں کو ہائر کیاگیاہے ۔ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ سال حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور وفاقی وزیر مذہبی امور کی محنت کو بھی سراہاگیا۔

متعلقہ عنوان :