پاکستان اور امریکہ کا آئندہ پانچ سال میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو توسیع دینے کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق،اتفاقپاک امریکہ ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کے اجلاس میں ہوا،تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال ،اجلاس میں خواتین کو معاشی طور پربا اختیار بنانے کی مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط

جمعرات 15 مئی 2014 07:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء)پاکستان اور امریکہ نے آئندہ پانچ سال میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو توسیع دینے کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا ہے۔پاک امریکہ ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کے ساتویں اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے مشترکہ بیان کے مطابق یہ معاہدہ واشنگٹن میں امریکہ پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کی فریم ورک ایگریمنٹ کی کونسل (ٹی آئی ایف اے) کے اجلاس میں طے پایا ۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر جبکہ امریکہ کی نمائندگی تجارتی نمائندے سفیر مائیکل فرومین نے کی ۔ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ۔

(جاری ہے)

پاک امریکہ ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹی آئی ایف اے) فریقین کے لئے ایک بنیادی میکنزم ہے جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے معاملات اور دوطرفہ تعلقات پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہیں مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے ۔

اجلاس میں دونوں ممالک نے آئندہ پانچ سال میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق رائے کیا ۔جوائنٹ ایکشن پلان کے تحت زرعی پیداوار کو متنوع بنانا، حقوق دانش کے تحفظ کا فروغ ،ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی تجارت کی سہولت کے معاہدے پر عملدرآمد،تجارت میں اضافہ ،امریکی ریاستی اور مقامی حکومتوں تک رسائی ،کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور نجی شعبوں کے درمیان بات چیت میں اضافہ کرنا شامل ہے اور اس حوالے سے دونوں حکومتوں کے مابین جلد جوائنٹ ایکشن پلان پر عملدرآمد پر کام شروع ہو جائے گا۔

کونسل کے اجلاس میں خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کے اداروں کی ترقی کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔یہ ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت ہوگی ۔اس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے میں مدد ملے گی اور انہیں ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔مفاہمت کی اس یادداشت کے اہم عناصر میں مضبوط انٹرایجنسی اور بین الوزارتی حمایت و پالیسیوں اور پروگرامز میں تعاون جس کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے شامل ہے ۔

ٹی آئی ایف اے کونسل کے اجلاس میں دونوں حکومتوں نے مارکیٹ رسائی کے مواقع پر بھی بات چیت کی اور ان مواقع کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کونسل کے اجلاس کے موقع پر امریکہ اور پاکستان کی جانب سے نجی شعبے کے نمائندوں نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع اور اس کے ساتھ ساتھ معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امور پر بھی بات چیت کی۔

متعلقہ عنوان :