الیکشن کمیشن کے تمام ارکان مستعفی ہوجائیں، خورشید شاہ،فخرالدین جی ابراہیم کی نیت پر کوئی شک نہیں ،حقیقت یہ ہے کہ وہ اچھا الیکشن نہیں کراسکے ،عمران خان کبھی نہیں چاہیں گے کہ ملک میں آمریت آئے، سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر معاملات ٹھیک کرنے چا ہئیں، انتخابی اصلاحات کا مطالبہ صرف تحریک انصاف کا نہیں پوری قوم کا ہے، ،قائد حزب اختلاف کی گفتگو

بدھ 14 مئی 2014 08:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء )پاکستان تحریک انصاف کے بعد قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بھی الیکشن کمیشن کے تمام اراکین سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فخرالدین جی ابراہیم کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اچھا الیکشن نہیں کراسکے ۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر معاملات ٹھیک کرنے چا ہیئیں انتخابی اصلاحات کا مطالبہ صرف تحریک انصاف کا نہیں پوری قوم کا ہے، عمران خان کبھی نہیں چاہیں گے کہ ملک میں آمریت آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کو سابق چیف الیکشن کمیشنر فخرالدین جی ابراہیم کے ساتھ ہی مستعفی ہو جانا چاہیئے تھا۔ ویسے بھی الیکشن کمیشن اپنی آ ئینی مدت پوری کرچکا ہے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پاکستانی ہیں، ایم کیو ایم کے قائد کو ہنگامی بنیادوں پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ملنا چاہیئے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل عمران خان نے عام انتخابات میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کے تمام عملے کو مستعفی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔