بنگلہ دیش سے 2لاکھ 87 ہزار بہاریوں کی وطن واپسی بارے درخواست سماعت کیلئے منظور، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

بدھ 14 مئی 2014 08:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء) سپریم کورٹ نے 1971ء میں بنگلہ دیش میں رہ جانے والے 2لاکھ 87 ہزار پاکستانی بہاریوں کی وطن واپسی بارے ایک تنظیم کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرلی ہے اور اس پر اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی اس دوران رشید الحق ، قاضی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ دو لاکھ ستاسی ہزار افراد جو کہ اس وقت بنگلہ دیش میں ہیں قیام پاکستان سے ہی پاکستانی شہری ہیں 1971کی پاک بھارت جنگ کے بعد 1974ء میں جو بنگلہ دیش ، بھارت اور پاکستان کے درمیان شہریوں کی واپسی بارے معاہدہ ہوا تھا اس کے تحت باقی ملکوں نے اپنے شہری واپس بلا لئے ہیں مگر پاکستان ابھی تک اپنے لوگوں کو واپس نہیں لاسکا ہے ۔

95ہزار جنگی قیدی بھی واپس آچکے ہیں حکومت ان لوگوں کو اپنا شہری تسلیم کرچکی ہے ان شہریوں کی واپسی کیلئے حکومت کو احکامات جاری کئے جائیں اس پر عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیئے ہیں اور ان سے جواب بھی طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے ۔