امریکی کانگریس وفد کی سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک سے ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ،پاکستان نے خطے کے استحکام کیلئے مثبت کردار اداکیا ، دفاعی شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے ، سربراہ امریکی وفد ،پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں استحکام کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، سیکرٹری دفاع

بدھ 14 مئی 2014 08:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء) امریکی کانگریس کے ایک سات رکنی وفد نے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مجموعی دفاعی تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں فریقین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دو طرفہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کے رشتے پر مبنی ہونے چاہیے ۔

وزارت دفاع میں ہونے والی اس ملاقات میں امریکی وفد کی قیادت مس مارتھا روبے نے کی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ اس موقع پر سیکرٹری دفاع نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک امریکہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے اصولوں پر جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی وفد نے بھی پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کا اعادہ کیا ۔

سیکرٹری دفاع نے وفد کو علاقائی سکیورٹی بالخصوص 2014ء میں افغانستان سے اتحادی فوجی انخلاء کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں امن اور استحکام کے لئے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی بھی حمایت جاری رکھے گا ۔ اس موقع پر امریکی وفد کی سربراہ نے دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں پاک ا فواج اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو بھی سراہا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پڑوسی ملک افغان اور خطہ میں استحکام کیلئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے ۔ امریکہ دفاعی شعبہ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا ۔

متعلقہ عنوان :