شہبازشریف سے اسلام آباد میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات،حکومت توانائی بحران حل کرنے میں پرعزم ہے، مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے،شہبازشریف ، پاکستان اقتصادی بحالی ، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود

بدھ 14 مئی 2014 08:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے آج اسلام آباد میں پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشدبن مسعود نے ملاقات کی -ملاقات کے دوران توانائی ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے توانائی کا بحران حل کرنے کا عزم کیا ہوا ہے - پنجاب میں کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے- اقتصادی بحالی ا ور استحکام کے لئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات ا ٹھائے جا رہے ہیں- محمد شہبازشریف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں- سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں اور معیشت کے عشاریے پہلے سے بہتر ہوئے ہیں- کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک راشد بن مسعودنے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان اقتصادی بحالی ، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے-