بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی تاریخ نہیں دے سکتا، تاہم آئندہ الیکشن سے قبل بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردینگے، پنجاب ، سندھ ، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے جلد بجلی واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کروا دی ، عابد شیر علی

بدھ 14 مئی 2014 08:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی تاریخ نہیں دے سکتا تاہم آئندہ الیکشن سے قبل بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردینگے، کسی صوبے کے خلاف نہیں صوبوں کے ذمے اربوں واجبات ہیں صرف بلوچستان کے ذمے 78 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ وزراء اعلیٰ پنجاب، سندھ اور بلوچستان نے واجبات کی جلد ادائیگی کیلئے وقت کیلئے وقت مانگا ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے نام پر کرپشن کی گئی۔ پچھلی حکومتوں کی 12 سال کی کارکردگی سے ہماری ایک سال کی کارکردگی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر احتجاج کرنے والے ملکی ترقی کے مخالف ہیں یہ لوگ عوام کے خیر خواہ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مدت پوری کریگی۔

عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کنڈا سسٹم اور بجلی چوری کا خاتمہ کر دینگے۔ بجلی چوروں کو نہیں چھوڑینگے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ 20 سے 25 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے۔ بجلی کی ریکوری کو یقینی بنا رہے ہیں جن صوبوں سے واجبات کی ریکوری کم ہو گی انکو بجلی کم دینگے۔ صارفین کے بلوں میں اوربلنگ ہو رہی ہے لیکن اوور بلنگ روکنے کیلئے سختی سے ہدایت کر دی ہیں۔

بجلی کی قیمت بڑھانے پر بجلی چوری میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 96 میگاواٹ بجلی کی پیداوار اسی سال سسٹم میں شامل ہو جائیگی۔ جبکہ داسو منصوبے کی نومبر میں بنیاد رکھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کو سیاسی ایشو بنایا جا رہا ہے۔ میرے خلاف تحریک استحقاق آئی اب میں پیش کرونگا۔ وزارت پانی و بجلی نے ساڑھے 3 کروڑ کے واجبات پر سندھ کے 16 محکموں کی بجلی کاٹ دی تھی لیکن وزیراعلیٰ سندھ نے ادائیگی کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔