کراچی، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جناح اسپتال کے ایم ایل او، ڈرائیور، پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

بدھ 14 مئی 2014 08:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مئی۔2014ء)شہر قائد میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے باوجود قتل وغارت کا سلسلہ جاری ہے، منگل کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جناح اسپتال کے ایم ایل او، ان کے ڈرائیور، پولیس اہلکار اور ایک خاتون سمیت6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن اسپتال سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ کلفٹن کے علاقے دہلی کالونی کے قریب پہلے سے ہی گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد ان کی گاڑی ANF-563ٹویوٹا کرولا پر فائرنگ کردی ۔

جس کے نتیجے میں دونوں افرادشدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاجارہاتھاکہ45سالہ ڈاکٹرمنظورمیمن راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کے ڈرائیور40سالہ عاشق علی بھی جناح اسپتال پہنچتے ہی دم توڑگئے ۔

(جاری ہے)

جناح اسپتال کی ڈائیریکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کرتے ہو ئے کہاہے کہ فائرنگ سے جناح اسپتال کے ڈاکٹرمنظورمیمن اوران کاڈرائیورجاں بحق ہو گئے ۔

ایس ایس پی ساوٴتھ فیصل بشیر کے مطابق ڈاکٹرمنظور میمن اسپتال سے گھر جارہے تھے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی ۔ڈاکٹر منظور میمن کو نائن ایم ایم پستول کی 2گولیاں لگیں ،جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ ان کا ڈرائیور عاشق شدید زخمی ہوا ،جسے فوری طور ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر منظور میمن نے اپنے اوپر حملے سے قبل ملیر میں رینجرز کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے لیاری گینگ وار کے ملزم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ تیار کیا تھا۔واضح رہے کہ اپنی موت سے چند گھنٹے قبل ڈاکٹر منظور میمن نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ۔

انہوں نے حکومت سے سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ قصبہ کالونی کے قریب ایم پی آر کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا جس کی شناخت پولیس کانسٹیبل مقیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل مقیم منگھوپیر تھانے کا ملازم تھا۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ نامعوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ ہاکس بے ابراہیم گوٹھ سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے تاہم فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لیاری کے علاقے سلاٹر ہاوٴس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 15سالہ بچی آمنہ بی بی دختر نیک محمد سول اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔

یوسف پلازہ تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 16 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35سالہ عون نقوی زخمی ہوگیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم عون نقوی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ مقتول کا تعلق اہل تشیع مکتب فکر سے بتایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :