2015ء تک بجلی کا مسئلہ حل کریں گے،ایک سیلاب آئے گا جو اندھیروں کو بہالے جائے گا،عابد شیر علی،میرے خلاف وہی ہے جو بجلی چور ہے،عمران خان سیاسی انتہا پسند ہیں خواب میں سب کچھ بن سکتے ہیں،مسلم لیگ(ن) خاندان کی مانند ہے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 13 مئی 2014 07:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء)وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ2015ء تک بجلی کا مسئلہ حل کریں گے،ایک سیلاب آئے گا جو اندھیروں کو بہالے جائے گا،میرے خلاف وہی ہے جو بجلی چور ہے،عمران خان سیاسی انتہا پسند ہیں خواب میں سب کچھ بن سکتے ہیں،مسلم لیگ(ن) خاندان کی مانند ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں عابد شیرعلی نے کہا کہ پچھلی حکومت نے بجلی کے منصوبوں پر خوب کمیشن کمایا اور13سال میں بجلی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا ہم نے1780 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی،انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی ہدایت پر صحیح سمت پر عمل پیرا ہیں ہم نے وفاقی اداروں،ایوان صدر کی بھی بجلی کاٹی اور جب تک ادائیگی نہیں ہوئی کسی کی بھی بجلی بحال نہیں ہوئی،اس کے ساتھ ایوان اور لاجز میں بھی شہری علاقے کے برابر لوڈشیڈنگ کی ،ہم نے کرپشن سے پاک راستہ منتخب کیا ہے،انہوں نے کہا کہ بجلی چور اور نادہندہ جس پارٹی سے بھی ہو وصولی کی جائے گی جو بل ادا کرے گا وہی بجلی جلائے گا،30جون تک تمام نادہندگان سے وصولی کرلی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی عوام کو دیکھنا ہے،2015ء تک بجلی کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا اور ایک سیلاب آئے گا جو اندھیروں کو بھگا لے جائے گا،انہوں نے کہا کہ ہم بجلی چوری کو روک لیں تو طلب اور رسد کے فرق کو کم کرسکتے ہیں،چوری کو روکنے کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ایک سوال پر کہا کہ میرے خلاف کوئی صوبہ یا کوئی حکومت نہیں وہی میرے خلاف ہے جو بجلی چور ہے اور چوروں کو پکڑنا ایک جہاد ہے،جو جاری رکھوں گا،انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی انتہا پسند ہیں وہ خواب میں سب کچھ بن سکتے ہیں لیکن ان کا خواب کبھی حقیقت بنتا دکھائی نہیں دیتا،انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام نے ووٹوں سے منتخب کیا،عوام کو ان کا حق دلائیں گے،مسلم لیگ (ن) ایک خاندان کی مانند ہے اور الزام ہے کہ یہ خاندانی حکومت ہے۔

متعلقہ عنوان :