نواز شریف 16 کروڑ عوام کے منتخب جبکہ عمران خان سوشل میڈیا لیڈر ہیں،عابد شیر علی، عمران خان اپنے دماغ کا علاج کرائیں اور خیبر پختونخواہ کے حالات بہتر کریں،فیصل آباد میں پہلے بھی عمران چھوٹے چھوٹے جلسیاں کر کے دیکھ چکے ہیں، اب بھی ناکامی ہوگی،ہمیں ملک اندھیروں میں ملا اور اب ملک کو اجالوں میں لیکر جارہے ہیں،کہیں بھی بجلی چوری کرے گا اس کو نہیں چھوڑیں گے،ملتان میں میڈیا سے گفتگو

منگل 13 مئی 2014 06:57

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء)پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نواز شریف 16 کروڑ عوام کے منتخب لیڈر ہیں جبکہ عمران خان سوشل میڈیا کے لیڈر ہیں۔نواز شریف کو کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا ہے، عمران خان اپنے دماغ کا علاج کرائیں اور خیبر پختونخواہ کے حالات بہتر کریں،فیصل آباد میں پہلے بھی عمران چھوٹے چھوٹے جلسیاں کر کے دیکھ چکے ہیں اور اب بھی ان کو ناکامی ہوگی،ہمیں ملک اندھیروں میں ملا اور اب ملک کو اجالوں میں لیکر جارہے ہیں،ملک کے کسی کونے میں کوئی بھی بجلی چوری کرے گا اس کو نہیں چھوڑیں گے۔

بجلی چوری کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعظم کا رویہ بھی سخت ہے،عدالت عظمی سے اپیل کی کہ وہ ہماری مدد کرے اور محکمے سے کرپٹ ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی پر سٹے آرڈر جاری نہ کریں ۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں شارٹ کٹ چاہتے ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہوگا۔

عمران کی خواہش ہے کہ چیف جسٹس ان کا ہو اور الیکشن کمیشن بھی انکا ہی ہولیکن یہ ممکن نہیں ہے۔ہمیں پاکستانی عوام نے ملک کی خدمت کرنے کے لئے ووٹ دیئے ہیں اور وہ ہم کر کے ہی رہیں گے۔ہم ملک میں معیشت کا استحکام چاہتے ہیں جبکہ عمران خان بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ پر حملہ کیا آج عدالتوں کو دباؤ میں لا کر اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں جو ممکن نہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہباز شریف جن کو علی بابا چالیس چور کہتے تھے ان کے مقدمات عدالتوں میں ہیں اور ان کے فیصلے بھی عدالتوں نے ہی کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سونامی بہہ جائے گا۔عمران خان کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں وہ قوم کو بتائیں۔فیصل آباد میں پہلے بھی عمران چھوٹے چھوٹے جلسیاں کر کے دیکھ چکے ہیں اور اب بھی ان کو ناکامی ہوگی ۔

وزیر اعظم ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کی وجہ سے انہوں نے ہم پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کیا جارہا ہے ۔بڑے شہروں میں 6 سے8 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی جبکہ لائن لاسز فیڈر پر 14 سے16 گھنٹے ہوگی۔وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ محکمے میں کرپٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے ۔ہمیں ملک اندھیروں میں ملا اور اب ملک کو اجالوں میں لیکر جارہے ہیں۔

ملک بھر میں پاور پلانٹ لگا رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے 747 میگاواٹ کا افتتاح کیا ہے۔ اوچ ٹو 402 میگاواٹ کا افتتاح کیا ہے۔پورٹ قاسم میں قطر اور چائنا کی کمپنی کے تعاون سے 160 کے دو پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھا ہے جس پر دو سو بلین لاگت آئے گی اور حکومت کا ایک پیسہ بھی نہیں لگے گا۔پاکستان کی تاریخ میں یہ کام پہلی مرتبہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ داسو اور بھاشا ڈیم بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تیزی سے منصوبہ بندی پر کام ہو رہا ہے ۔دوسروں صوبوں میں بیٹھے لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں ۔میرے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق لائی گئی جو سپیکر نے مسترد کر دی ۔ملک کے کسی کونے میں کوئی بھی بجلی چوری کرے گا اس کو نہیں چھوڑیں گے۔بجلی چوری کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعظم کا رویہ بھی سخت ہے اور وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ ملک سے جلد از جلد بجلی چوری کاخاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کو بھی عوام کے سامنے جواب دہ بنا دیا ہے اور ان کے خلاف انکوائری کر رہے ہیں ۔ رحیم یار خان میں بجلی چوری کی شکایت ملی تھی۔ ہماری ٹیم نے چھاپہ مارا تو صوبائی وزیر چوہدری شفیق نے ہمارے ایس سی او کو دھمکیاں دیں ہم اس وزیر کے خلاف وزیراعلی کو خط لکھیں گے ۔عابد شیر علی نے ایس ای ملتان شاہد حمید چوہان اور ایکسین کینٹ ملتان سیف اللہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔

انہوں نے عدالت عظمی سے اپیل کی کہ وہ ہماری مدد کرے اور محکمے سے کرپٹ ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی پر سٹے آرڈر جاری نہ کریں ۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے ڈی پی او رحیم یار خان کے خلاف کارروائی کی درخواست کریں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم دوسرے فیز میں داخل ہو چکے ہیں اب ہمارے پاس بجلی آنے اور جانے کا ریکارڈ آگیا ہے اور فیڈر کا علیحدہ علیحدہ حساب کتاب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر مکمل کر لیا ہے ۔عوام اس وقت بجلی چوری کی قیمت خود دے رہے ہیں اور ٹیکس بھی خود دے رہے ہیں ۔ہم نے پہلے گردشی قرضے ختم کر دیئے تھے مگر مزید قرضے لگ گئے ہیں ۔