کراچی، قتل وغارت کا سلسلہ جاری، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں حساس ادارے کے اہل کار اور ایم کیو ایم کے دو کارکنوں سمیت 8 افرادجاں بحق

منگل 13 مئی 2014 06:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء)شہرقائد میں ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجود قتل وغارت کا سلسلہ جاری ہے ،پیرکو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں حساس ادارے کے اہل کار اور ایم کیو ایم کے دو کارکنوں سمیت 8 افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود شاہراہ فیصل کارسازمعصوم شاہ مزار کالٹیکس پمپ کے قریب نامعلوم افراد نے ایک موٹر سائیکل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار غلام اکبرجاں بحق ہوگئے۔

زخمی کوطبی امداد کے لیئے فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔جناح اسپتال کی ترجمان سیمی جمالی کے مطابق غلام اکبر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔غلام اکبرپاکستان بحریہ کے ملازم بتائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی شاہراہ فیصل سید علی آصف کے مطابق مقتول غلام اکبر نیوی کے جہاز میں بطور باورچی کام کرتے تھے ۔قتل کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔

پولیس ذرائع کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 11-B امام بارگاہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی شناخت 32سالہ گوہر علی عابدی ولد اظہرحسین عابدی اور 30سالہ سیدرضوان ولد سیدغوری کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کاروبار ودکانیں بند کرادی گئیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب ملیر کے علاقے ملت ٹاؤن میں ڈوگر ملک شاپ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوزخمی ہوگئے ۔جاں بحق شخص کی شناخت35سالہ عمران ولد نذیر کے نام سے جبکہ زخمیوں کی شناخت 45سالہ پرویز ولد کمال اور 30سالہ افضال ولد خلیل احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش اور زخمیوں کوجناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے پہلے دودھ کی دکان کو آگ لگائی اور جب دکان کا مالک اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آگ کو بجھانے آیا تو ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں ہلاک اورزخمی کردیا ۔سہراب گوٹھ کے علاقے سے ایک تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق لاش کے ساتھ ایک دستی بم اور پستول کا میگزین بھی برآمد ہوا ہے ۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم شبہ ہے کہ مقتول کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے ہے ۔ادھر پاک کالونی کے علاقے لیاری ندی سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ پولیس کے مطابق بنارس پل کے قریب سے 5 روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے تاہم لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے مقتول کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب پریڈی تھانے کی حدود زیب النسا اسٹریٹ محبوب کلاتھ مارکیٹ صدر میں فائرنگ سے اسلم ولد جمال نامی تاجر زخمی ہوگیا ۔

مضروب ارم جیولرز شاپ کا مالک ہے،جس کو طبی امدادکے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق بھتہ نہ دینے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ادھر گلبرک تھانے کی حدود مکان نمبر DT-9بلاک 11فیڈرل بی ایریا نزد غوثیہ مسجد لنڈی کوتل کے قریب گھر سے 25سالہ عائشہ زوجہ شکیل کی لاش ملی ۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی ہلاکت پراسرار ہے ۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کردیا گیا ۔ ملیر کالابورڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شیرشاہ کے قریب بس میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے شازیہ نامی لڑکی زخمی ہوگئی جیسے طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔