تحریک انصاف کے جلسے کے موقع پر پولیس ، ایف سی اور رینجرز میں بہترین کوآرڈنیشن دیکھنے کو ملا

پیر 12 مئی 2014 07:40

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) تحریک انصاف کے جلسے کے موقع پر پولیس ، ایف سی اور رینجرز میں بہترین کوآرڈنیشن دیکھنے کو ملا ،اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیکیورٹی کے اعلی ترین انتظامات کیے گئے تھے جہاں جلسہ گاہ کے باہر ایک طرف درجنوں واک تھرو گیٹ نصب کیے جانے کے ساتھ ساتھ جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کیمرے نصب کیے گئے تھے تو دوسری جانب خار دار تار اور شامیانوں اور دیگر رکاوٹوں کے ذریعے صحیح معنوں میں مکمل کوآرڈن آف کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے جلسے کے موقع پر وزارت داخلہ کی ہدایات پر سیکیورٹی کے اعلی ترین انتظامات کیے گئے تھے جس کے باعث جہاں ایک طرف کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال پیدا نہیں ہوئی تو دوسری طرف جلسے گاہ کے اندر و باہر کوئی بد انتظامی کی شکایت بھی سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

پولیس سمیت تمام سیکیورٹی اہلکاروں کے کھانے پینے کے لئے بھی وزارت داخلہ نے خصوصی فنڈ مختص کیا گیا جس کے ذریعے ان کے لئے کھانے پینے کی اشیاء خریدی گئیں۔

وفاقی پولیس کے آئی جی سمیت تمام اعلی افسران بھی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے موقع پر موجود رہے جبکہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز، محرر اور دیگر افسران کو بھی سیکیورٹی فرائض پر مامور کیا گیا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان مثالی کورآرڈنیشن بھی پہلی مرتبہ دیکھنے میں ملی ہے جس کے باعث سیکیورٹی انتظامات ہر لحاظ سے غیر معمولی ثابت ہوئے ۔