نظام بدلنے کیلئے طاہر القادری اور دھاندلی کیخلاف مشن میں عمران خان کے ساتھ ہیں: چودھری شجاعت

پیر 12 مئی 2014 07:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے نظام کی تبدیلی اور تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے دھاندلی کے خلاف مشن کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عظیم الشان اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نظام کی تبدیلی کے مشن کا اعلان کیا ہے جبکہ ہم آئین کے آرٹیکل 6 میں پھنسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے آئین پاکستان کے 30 سے زائد آرٹیکلز کا ذکر کیا جو کہ عوام کی فلاح و بہبود اور غریب عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق ہیں لیکن ان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، انہوں نے جن آرٹیکلز کو درست طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں، انہوں نے صرف نظام کی خرابیوں کی نشاندہی ہی نہیں کی بلکہ ان کا حل بھی تجویز کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں بہت بڑے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے جن چیزوں کی نشاندہی کی ہے ہم ان میں دھاندلی کے خلاف مشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن کی درستگی کیلئے کمیٹی بنائی گئی تو ہم اپنی تجاویز بھی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :