پاکستان کئی برسوں بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے مگر کچھ لوگوں کو پاکستان کا استحکام اور ترقی قبول نہیں،خواجہ سعد رفیق ، نو آموز لیڈر عمران خان مدفون سیاسی ممیوں اور ڈمیوں کی سیاست کررہے ہیں، طاہر القادری، پرویز الٰہی اور شیخ رشید جیسے لیڈر جن کے ساتھ ملے ان کا ہی بیڑا غرق ہوا ہے، عمران خان کو صرف میچ فکسنگ اور دھاندلی کی سیاست آتی ہے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 12 مئی 2014 07:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء)پاکستان کئی برسوں بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے مگر کچھ لوگوں کو پاکستان کا استحکام اور ترقی قبول نہیں، نو آموز لیڈر عمران خان مدفون سیاسی ممیوں اور ڈمیوں کی سیاست کررہے ہیں، طاہر القادری، پرویز الٰہی اور شیخ رشید جیسے لیڈر جن کے ساتھ ملے ان کا ہی بیڑا غرق ہوا ہے، عمران خان کو صرف میچ فکسنگ اور دھاندلی کی سیاست آتی ہے، وہ اب بڑے ہو گئے ہیں لوگوں نے انہیں ووٹ دیئے ہیں جو ان کے پاس عوام کا بہت بڑا اثاثہ ہے، خود بھی عوام الناس کی فلاح کے لئے کام کریں اور ہمیں بھی کام کرنے دیں، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں اخبار نویسوں سے پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان جس نظام کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں خود بھی اس نظام کی پیداوار ہیں، انہوں نے 11مئی کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ دعا کریں کہ اسلام آباد کا موسم ٹھیک رہے وگرنہ وہ حکومت پر موسم کی خرابی کا بھی الزام لگا دیں، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی کپتانی اور جماعت کی لیڈر شپ میں بڑا فرق ہوتا ہے، اگر انہیں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا اعتراض ہے تو ٹربیونل میں جائیں سیاسی اختلاف ہے تو پارلیمنٹ میں جائیں، قوم کا وقت اور پیسہ برباد کرنا ہے تو سڑکوں پر آجائیں، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان دھاندلی اور فکسنگ سے باہر آجائیں، جہاں پر وہ جیتے وہ ٹھیک جہاں پر وہ ہارے ہیں وہاں پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 30حلقوں میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوئی ہیں کیا اس میں بھی ہم نے دھاندلی کی ہے، انہوں نے کہا کہ 4 حلقے ان کے اور 4حلقے ہمارے اس کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سپرد کردیں فیصلہ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کچرے کی سیاست کررہی ہے ، خدا ملک کو سونامی کے عذاب سے بچائے، خواجہ سعد رفیق کے ساتھ خواجہ سلمان رفیق بھی موجود تھے جو صحت کے مشیر خاص ہیں، انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب سے پولیو کا خاتمہ کیا جا چکا ہے مگر پوری دنیا میں پولیو کے حوالے سے جگ ہنسائی کا سبب بننے والا صوبہ خیبر پختونخواہ ہے عمران خان وہاں پر خود جا کر پولیو کے لیے کام کریں تاکہ وہاں کے عوام کو اور پاکستان کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کیا جا سکے، انہوں نے کاہ کہ اگلے انتخابات میں لوگوں نے تقریروں کو نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دینے ہیں لوگوں کا وقت برباد کرنے کی بجائے ملک کی تعمیر کے لیے کام کریں ہم آپ کے شانہ بشانہ ساتھ ہوں گے۔