کراچی، عوام ایکسپریس سے تین کروڑ روپے کے پرائز بانڈز چوری ہوگئے،ریلوے پولیس کے سولہ اہلکار معطل ،پولیس نے غائب ہونے والے پرائز بانڈز کی چوری کا مقدمہ کینٹ تھانے میں درج کرلیا

اتوار 11 مئی 2014 07:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء) لاہور سے کراچی آنے والی عوام ایکسپریس کے ذریعے کراچی لائے جانے والے تین کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈز چوری ہوگئے۔ ریلوے پولیس کے سولہ اہلکاروں کو معطل کردیا گیا،پولیس نے غائب ہونے والے 3کروڑ روپے کے پرائز بانڈز کی چوری کا مقدمہ کینٹ تھانے میں درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسٹیٹ بینک کی 3کروڑ روپے مالیت کی رقم اور بانڈ دس پیٹیوں میں بند کرکے کراچی ایکسپریس کے ذریعے لاہور سے لائے جارہے تھے، ٹرین تاخیر سے رات دو بجے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچی تو اسٹیٹ بینک کے خزانے کی پیٹیاں اتارے بغیر ہی ٹرین کوصفائی کیلئے واشنگ لائن بھیج دیا گیاجب خزانے کی پیٹیاں چیک کی گئیں تو اس میں ایک پیٹی غائب تھی، پوچھ گچھ ہوئی تو پتہ چلا کے غائب شدہ پیٹی میں تین کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈز تھے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع پرپولیس جائے وقوع پہنچی تو ایک پولیس اہلکار بے ہوش پایاگیاجسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے اہلکار کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ایس ایس پی ریلوے کراچی رابن یامین نے فوری طور پر سامان والے ڈبے پر تعینات16 اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ بعد ازاں لاہور سے کراچی منتقلی کے دوران غائب ہونے والے 3کروڑ روپے کے پرائز بانڈز کی چوری کا مقدمہ کینٹ تھانے میں درج کرلیا گیا ۔

مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس حکام نے 3رکنی کمیٹی بنادی ہے جو واقعے کی حدود کا تعین کرے گی۔ مقدمے میں پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد سے تفتیش کی جائے گی جن میں اسٹیٹ بنک کے افسران بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے چوری کیے گئے پرائز بانڈز منسوخ کردیئے گئے۔