وزیراعظم نواز شریف ایرانی صدر حسن روحانی کی دعوت پر آج دو روزہ دورے پر ایران روانہ ہونگے، وزیراعظم کے ہمراہ اس دورے میں ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد بھی جائیگا، وزیراعظم ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کرینگے، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر علاقائی اور عالمی پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کرینگے، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایم او یوز پر دستخط بھی کئے جائینگے

اتوار 11 مئی 2014 07:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء) وزیراعظم میاں نواز شریف ایرانی صدر حسن روحانی کی دعوت پر آج ( اتوار ) کو دو روزہ دورے پر ایران روانہ ہونگے ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف آج دو روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہورہے ہیں دونو ں ممالک کی نئی حکومتوں کی تشکیل کے بعد اعلیٰ سطحی قیادت کا یہ پہلا دورہ ہوگا ۔

وزیراعظم کے ہمراہ اس دورے میں ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد بھی جائیگا جس میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر تاج عزیز ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ آصف ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شامل ہونگے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تہران میں وزیراعظم میاں نوازشریف ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کرینگے اور دوطرفہ تعلقات کے مکمل سپیکٹرم اور باہمی دلچسپی کے امور پر علاقائی اور عالمی پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کرینگے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادتوں کی خصوصی توجہ کا مرکز اقتصادی تعلقات کی مضبوطی کیلئے اہم اقدامات ہوگا بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس موقع پر دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایم او یوز پر دستخط بھی کئے جائینگے بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا قیام ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایران کو ہماری خارجی پالیسی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔