مذاکرات میں حکومت کی جانب سے خاموشی مایوس کن ہے،مو لانا یوسف شاہ ،طالبان کمیٹی اور طالبان شوریٰ مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر متفق ہیں، ملکی ترقی کیلئے مذاکرات جاری رہنے چاہیئں، مذاکرات کو سبوتاژ کرنے والی قوتیں سرگرم عمل ہیں، میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 مئی 2014 07:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مئی۔2014ء) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومتی مذاکرات میں حکومت کی جانب سے خاموشی مایوس کن ہے۔ ہفتہ کے روز طالبان کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج طالبان کمیٹی کا مسلسل چوتھے دن سے طالبان شوریٰ کیساتھ رابطہ ہورہا ہے جس میں مذاکراتی عمل پر تفصیلی بات چیت جاری ہے۔

(جاری ہے)

مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ انہوں نے طالبان شوریٰ کو مولانا سمیع الحق کا پیغام بھی پہنچایا ہے جس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان تو رابطے میں ہیں لیکن حکومتی خاموشی مایوس کن ہے کیونکہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے والی قوتیں سرگرم عمل ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان کمیٹی اور طالبان شوریٰ حکومت کیساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر متفق ہے اور ملکی ترقی کیلئے مذاکراتی عمل کو جاری رہنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :