اسلام آباد‘ پی ٹی آئی نے 11 مئی کے احتجاجی جلسے کو حتمی شکل دینا شروع کردی،39 شہروں سے ہزاروں افراد مختلف قافلوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے

ہفتہ 10 مئی 2014 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے 11 مئی کے احتجاجی جلسے کو حتمی شکل دینا شروع کردی 39 شہروں سے ہزاروں افراد مختلف قافلوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے۔ جبکہ وفاقی حکومت نے قافلوں کو مختلف مقامات پر روکنے کیلئے اسلام آباد شہر کو ہر طرف سے سیل کردیا ہے۔ سینکڑوں پولیس‘ رینجرز‘ ایلیٹ اہلکار بھی تعینات کردیئے گئے ہیں جو آج (ہفتہ) کو اپنی اپنی ڈیوٹیاں سنبھالیں گے۔

حساس اداروں نے بھی قافلوں اور شرکاء کی اصل تعداد بارے تفصیلات اکٹھی کرنا شروع کردی ہیں۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کی سرگرمیوں کو بھی مکمل طور پر مانیٹرنگ کیا جارہا ہے۔ حساس اداروں نے پنجاب بھر سے تحریک انصاف کے آنے والے قافلوں بارے ضلعی انتظامیہ سے تمام تر تفصیلات طلب کرلی ہیں پولیس اہلکاروں سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی اضافہ نفری بھی طلب کجی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے کھانے پینے کیلئے ایک دن کی بجائے دو دن کا راشن تیار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے کیونکہ اہلکارون کو ہفتہ کے روز تعینات کردیا جائے گا اور ان کی یہ ڈیوٹی پیر کی صبح تک جاری رہے گی اس کے بعد حالات کا جائزہ لینے کے بعد ان اہلکاروں کی واپسی ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق ریڈ زون کو بھی ہفتہ کو چار بجے شام کے بعد مکمل طور پر سیل کرکے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا اور اہلکاروں کی اضافی تقری اور کنٹینرز بھی لگا دیئے جائیں گے بعض جگہوں پر تو پہلے ہی کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں شاہراہ دستور ‘ بلیو ایریا میں بھی ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ دوسری جانب راولپنڈی میں بھی پاکستان عوامی تحریک کی ریلی کیلئے بھی سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں کراچی کمپنی سے جانے والے عوامی تحریک کے قافلے بارے بھی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرلی گئی ہیں‘ تحریک انصاف کا احتجاجی پروگرام کل شام پانچ بجے شروع ہوگا اور رات گئے تک جاری رہے گا۔