اسلامی بنکنگ کیلئے خدمات ،مفتی تقی عثمانی،پروفیسر روڈنی ولسن کیلئے مشترکہ انعام،انعام 22 جون کو بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیا جائے گا، اسلامی ترقیاتی بینگ

ہفتہ 10 مئی 2014 07:25

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء )اسلامی ترقیاتی بنک نے پاکستان کے نامور عالم دین مفتی تقی عثمانی کی اسلامی بنکنگ کے فروغ کیلئے خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں اسلامی بنکنگ اور فنانس کے 2014 کے انعام کیلئے مستحق قرار دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ انعام اسلامی بنکنگ کے فروغ کیلئے ان کی گراں قدر تعلیمی اور پیشہ ورانہ خدمات کی بنیاد پر انہیں اگلے ماہ پیش کیا جائے گا۔

مفتی تقی عثمانی کے ساتھ جس دوسری شخصیت کی خدمات کا اعتراف کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے وہ برطانوی پروفیسر روڈنی ولسن ہیں۔ اسلامی ترقیاتی بنک کے اعلان کے مطابق پروفیسر روڈنی ولسن مفتی تقی عثمانی کے ساتھ مشترکہ طور پر اس انعام کے مستحق ہوں گے۔دونوں شخصیات کو یہ انعام 22 جون کو جدہ میں ہونے والے اسلامی ترقیاتی بنک کے بورڈ آف گورنرز کے 39 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر احمد محمد علی نے دونوں شخصیات کو اس حوالے سے مبارک باد دی ہے اور اسلامی بنیادوں پر فنانسنگ کے میدان میں ان کی خدمات کو سراہا ہے۔واضح رہے سالانہ انعام کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی ممتاز سکالرز اور ماہرین پر مشتمل ہے۔ یہ ماہرین اسلامی ترقیاتی بنک کی اعلی ترین ٹیم کے ارکان کے علاوہ دنیا بھر سے لیے جاتے ہیں۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر 2014 کے انعام کے لیے مفتی تقی عثمانی اور پروفیسر روڈنی ولسن کو مشترکہ طور پر حقدار قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں ماہرین کی کمیٹی نے 10 اپریل کو جدہ اپنے اجلاس منعقد کیا تھا۔سکمیٹی نے مفتی تقی عثمانی کیلئے انعام کا اعلان ان کی اسلامی بنکنگ اور فنانسنگ کے لیے خدمات کے علاوہ شریعت اپیلٹ ٹربیونل کے جج کے طور پر سود کیخلاف انجام دی گئی خدمات کے بدلے کیا گیا ہے۔ واضح رہے مفتی تقی عثمانی اکاونٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز کی شریعہ سٹینڈرڈ کونسل کے سربراہ بھی ہیں۔ماہرین کی کمیٹی نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر روڈنی ولسن کی اسلامی بنکنگ اور اسلامی فنانسنگ کیلئے جدید تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بھی انعام کا شریک مستحق قرار دیا۔