سپریم کورٹ‘ تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے15 دن میں جواب طلب ، الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات بارے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا، وکیل حامد خان ، الیکشن کمیشن کا جواب آنے دیں، پھر معاملے کا جائزہ لیا جائیگا، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے ریما رکس

جمعہ 9 مئی 2014 07:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء)سپریم کورٹ نے چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے لئے تحریک انصاف کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے 15 روزمیں جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی درخواستوں سماعت کی۔تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ان کی دو درخواستیں ہیں، الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات بارے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا اور اس حکم کو ہوا میں اڑا دیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی دونوں درخواستیں ایک ساتھ سنیں گے ، الیکشن کمیشن کا جواب آنے دیں، پھر معاملے کا جائزہ لیا جائیگا، مزید سماعت پندرہ روز بعد ہو گی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ وہ چار حلقوں میں تصدیق کا مطالبہ اس لیے کرتے ہیں کہ غلطیاں سامنے آجائیں جنہیں اگلے الیکشنز میں دہرایا جائے ،انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں ان کے نمایندوں نے ذاتی طورپر فیس ادا کرکے انگوٹھوں کے نشانات چیک کروائے وہاں بہت بڑی تعداد میں ووٹ ناقابل تصدیق تھے ، وہ ریٹرننگ افسران کے بارے میں اپنے بیان پر آج بھی قائم ہیں۔