ملک میں جمہوریت کو اصل خطرہ احتجاج سے نہیں دھاندلی سے ہے‘ عمران خان،ووٹر کو الیکشن پر اعتماد نہ رہا تو پھر ملک میں جمہوریت بھی باقی نہیں رہے گی‘ شفاف الیکشن ہوں تو جمہوریت بھی خطرات سے دوچار نہیں ہوتی،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 9 مئی 2014 06:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو اصل خطرہ احتجاج سے نہیں انتخابی دھاندلی سے ہے‘ ووٹر کو الیکشن پر اعتماد نہ رہا تو پھر ملک میں جمہوریت بھی باقی نہیں رہے گی‘ شفاف الیکشن ہوں تو جمہوریت بھی خطرات سے دوچار نہیں ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہا جارہا ہے کہ احتجاج سے ملک میں جمہوریت ڈی ریل ہوجائے گی لیکن جمہوریت کو اصل خطرہ دھاندلی سے ہے کیونکہ جب ووٹر کو الیکشن پر اعتماد نہ رہے تو جمہوریت بھی باقی نہیں رہتی۔ صاف اور شفاف الیکشن جمہوریت کی بقاء ہیں۔ امید ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری چار درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر التواء ہیں۔

صورتحال یہ ہے کہ ہمارے ایک امیدوار کو انصاف کے حصول کیلئے 57 لاکھ روپے خرچ کرنا پڑے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر 11 مئی کو ہمارے احتجاج کو روکا گیا تو وہ ردعمل سامنے آئے گا جسے روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش یہی ہے کہ قانون کے مطابق انصاف حاصل کریں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر پرامن احتجاج کریں گے۔