سزائے موت کے قیدیوں کی چھ ہزار سے زائد اپیلیں زیرالتواء، سپریم کورٹ نے اس حوالہ سے درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ،صرف پنجاب کی 23 جیلوں کے 893 قیدیوں کی سزاؤں اور بریت کے لئے دائر اپیلیں 1998ء اور 2001ء سے زیر التواء ہیں،ذرائع

جمعرات 8 مئی 2014 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء) سپریم کورٹ نے سزائے موت کے قیدیوں کی چھ ہزار اپیلوں کی سماعت نہ ہونے کے بارے میں 2012ء سے دائر ایک مقدمے کی سماعت کے دوران کہاہے کہ یہ ایک اہم مقدمہ ہے اور ایشو ہے چاہتے ہیں کہ اس میں اٹارنی جنرل پاکستان خود پیش ہوں اور دلائل دیں اس لیے اس مقدمے کی سماعت مئی کے آخری ہفتے میں رکھ رہے ہیں اٹارنی جنرل پیش ہوکردلائل دیں یہ ہدایت جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز یعقوب بھٹی نامی درخواست گزار کی جانب سے دائرکردہ آئینی درخواست کی سماعت کی ا س دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد بھٹی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انھوں نے عدالت کو بتایاکہ اس وقت 2008کا ریکارڈتودستیاب ہے تاہم تازہ ترین ریکارڈ نہیں آیاہے وقت مل جائے توتازہ ترین ڈیٹا بھی پیش کردیں گے، اس پرعدالت نے کہاکہ اہم مقدمہ ہونے کی وجہ سے اٹارنی جنرل کونوٹس جاری کیے گئے تھے انھی کو سننا چاہتے ہیں اس لیے سماعت ملتوی کررہے ہیں وہ خود ہوں گے تواس مقدمے کی مئی کے آخری ہفتے میں سماعت کی جائیگی جبکہ ذرائع نے بتایاہے کہ صرف صوبہ پنجاب کی 23 جیلوں میں پھانسی کی سزائیں پانے والے 893 قیدی جن کی سزاؤں اور بریت کے لئے دائر اپیلیں 1998ء اور 2001ء سے زیر سماعت ہیں سپریم کورٹ بھی طویل عرصہ گزر چکا ان اپیلوں کی سماعت نہیں کرسکی ۔

(جاری ہے)

سنٹرل جیل گوجرانوالہ کے 79 قیدیوں نے پھانسی کی سزا کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق سنٹرل جیل ساہیوال سے پچاس قیدی ، ڈسٹرکٹ جیل قصور سے چھبیس قیدی ، سیالکوٹ جیل سے اڑتالیس قیدی ، اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اکیاسی قیدی ، اٹک جیل میں چوالیس ، جہلم جیل میں تیس ، منڈی بہاؤ الدین جیل میں نوے ، میانوالی جیل میں 43، جھنگ جیل میں 30، سرگودھا جیل میں 32 اور ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور میں قید 6 قیدیوں کی پھانسی کی سزاؤں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے ۔

ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 9، ملتان جیل کے 59، سنٹرل جیل بہاولپور کے 50، ڈیرہ غازی خان جیل میں 29، وہاڑی جیل میں 33، ویمن جیل ملتان میں ایک خاتون قیدی ، رحیم یار خان جیل کے 12، فیصل آباد جیل میں 55اور شیخوپورہ میں قید 33 قیدی سپریم کورٹ میں دائر اپیلوں کے فیصلے کے منتظر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :