قراقرم ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار‘ خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق‘ 17 سے زائد زخمی، ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک‘ 300 فٹ مین ریلوے لائن تباہ، کانٹے تبدیل کرنے کے دوران قراقرم ایکسپریس کا انجن زمین میں دھنس گیا‘ 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، 2 بوگیاں الٹ گئیں، قراقرم ایکسپریس کا حادثہ تخریب کاری نہیں، کانٹا بدلتے ہوئے ٹرین حادثے کا شکار ہوئی‘ خواجہ سعد رفیق، وزیر ریلو ے کاہلاک شدگان کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 3‘ 3 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان

جمعرات 8 مئی 2014 08:02

پڈعیدن،لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء) باندھی پڈعیدن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار‘ خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق‘ 17 سے زائد زخمی‘ ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک‘ 300 فٹ مین ریلوے لائن تباہ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس باندھی ریلوے اسٹیشن پہنچی تو کانٹے تبدیل کرنے کے دوران قراقرم ایکسپریس کا انجن زمین میں دھنس گیا‘ 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ 2 بوگیاں الٹ گئیں۔

حادثے میں ایک خاتون کنیز فاطمہ اہلیہ یاور شاہ‘ محمد علی اور تیسرا شخص جاں بحق ہوگئے۔ پڈعیدن سے ریلوے حکام ریلوے پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئے جبکہ علاقہ کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ بالا المناک حادثہ مین ریلوے لائن کا کانٹا تبدیل کئے جانے کے دوران پیش آیا۔ ڈاؤن ٹریک بلاک ہونے کے باعث کراچی جانے والی تیزگام ایکسپریس کو پڈعیدن اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

زخمیوں کو نواب شاہ‘ باندھی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید براں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس کا حادثہ تخریب کاری نہیں، کانٹا بدلتے ہوئے ٹرین حادثے کا شکار ہوئی۔ لاہور سے جاری بیان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ قراقرم ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے ہلاک شدگان کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 3‘ 3 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے‘ 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا۔؎