قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کا دن،شراب کے پرمٹ پر پابندی ، کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف تحفظ ایکٹ میں ترمیم ، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق ، ٹیلی فون اور نیٹ کے ذریعے دھمکی آمیز کالز کے تدارک ، تھلیسمیا کے لیے خون ٹیسٹ سمیت دیگر نجی بل پیش کردیئے گئے ،ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا ، کسی مذہب میں شراب نوشی کی اجازت نہیں ہے شراب کوٹہ پر پابندی عائد کی جائے ۔ارکان اسمبلی کا مطالبہ

بدھ 7 مئی 2014 07:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء) قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کے دن پر شراب کے پرمٹ پر پابندی ، کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف تحفظ ایکٹ میں ترمیم ، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق ، ٹیلی فون اور نیٹ کے ذریعے دھمکی آمیز کالز کے تدارک ، تھلیسمیا کے لیے خون ٹیسٹ سمیت دیگر نجی بل پیش کردیئے گئے ۔ ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا جبکہ اراکین نے کہا ہے کہ کسی مذہب میں شراب نوشی کی اجازت نہیں ہے شراب کوٹہ پر پابندی عائد کی جائے ۔

منگل کے روز ایوان کی کارروائی نجی کارروائی کے طورپر چلائی گئی اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی نے بل پیش کئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن اور چیئرمین نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی ، آسیہ ناصر ، قاری یوسف ، صاحبزادہ طارق اللہ ، شیر اکبر خان اور ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی سمیت دیگر اراکین نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلییت برادریوں کو شراب کوٹہ کے حوالے سے اجازت کی بات کی جاتی ہے جبکہ تمام مذاہب شراب نوشی سے منع کرتے ہیں اور اس لیے اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے اور شراب کوٹہ ختم کیاجائے اور اس سلسلے میں اراکین نے دستور میں مزید ترمیم کرنے کا بل ( دستور ترمیمی بل 2014ء ) پیش کیاجس کو ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا رکن کمیٹی آسیہ ناصر نے دہشتگرد کارروائیوں کی روک تھام ( خصوصی عدالتیں ) ایکٹ 1975 میں میں مزید ترمیم کرنے کا بل ( دہشتگرد کارروائیوں کی روک تھام ( خصوصی عدالتیں (ترمیمی ) بل 2014پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے کیونکہ نیٹ کے ذریعے لوگوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں پیپلز پارٹی کی رکن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے تھلیمسیا کے مریضوں کا رشتہ داروں کے لیے لازمی خون ٹیسٹ بل 2014ء بل پیش کردیا اور کہا کہ تھلسیمیا سے متاثرہ خاندان کے لازمی خون ٹیسٹ کروایا جائے کیونکہ آپس کی شادیوں کی وجہ سے یہ مرض بڑھتا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام کی اقلیتی رکن آسیہ ناصر نے کام کے دوران خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف تحفظ ایکٹ 2010 میں مزید ترمیم کرنے کا بل کام پر خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف تحفظ ترمیمی بل 2014ء پیش کردیا مسلم لیگ (ن) کی رکن ماروی میمن و دیگر نے اسلام آباد میں بچوں کے حقوق کو فروغ دینے اور خطرے سے دو چار بچوں کے تحفظ کیلئے نظام تحفظ بچگان ایکٹ وضع کرنے کا بل ( نظام تحفظ بچگان بل 2014ء ) پیش کردیا ۔

رکن اسمبلی آسیہ ناصر نے ٹیلی گراف ایکٹ 1885 ء بل 2014ء پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ٹیلی فون کے ذریعے تنگ کرتے ہیں اس کا تدارک کیا جانا چاہیے ۔پاکستان تحریک انصاف کے اراکین منزہ حسن ، عارف علوی و دیگر نے سمندر پار پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے نمائندگی عوام ایکٹ 1976ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل ( نمائندگی عوام ( ترمیمی بل 2014ء ) پیش کردیا جس پر ڈپٹی سپیکر قومی جاوید مرتضیٰ عباسی نے تمام بلوں کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا ۔ ۔