انتخابات میں دھاندلی میں کردار ،تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس پر مشاورت شروع کردی، جمہوریت چوری کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6لگناچاہئے ،عمران خان ،سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری پربھی آرٹیکل سکس لگناچاہئے ،11مئی کوسسٹم ٹھیک کرنے کاچارٹردیں گے ،الیکٹورل ٹیم ٹھیک ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 5 مئی 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے 11 مئی 2013ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی میں ملوث ہونے پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت بھجوانے کیلئے آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی‘ رواں ہفتے فیصلے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات کے دوران دھاندلی بارے ایک اور قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور سابق چیف جسٹس کیخلاف شکایت سپریم جوڈیشل کونسل کو ارسال کرنے کیلئے سوچ بچار شروع کردی ہے۔

آئینی و قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کی جارہی ہے‘ امکان ہے کہ رواں ہفتے اس حوالے سے کوئی نہ کوئی فیصلہ سامنے آجائے گا۔ادھرتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ جمہوریت چوری کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6لگناچاہئے ،سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری پربھی آرٹیکل سکس لگناچاہئے ،11مئی کوسسٹم ٹھیک کرنے کاچارٹردیں گے ،الیکٹورل ٹیم ٹھیک ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گیارہ مئی کے انتخابات کوقبول کیا،دھاندلی کوقبول نہیں کیا،ہمیں انصاف ملا۔ایک سال انتظارکرنے کے بعد11مئی کواحتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جوحکومت عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئی وہ عوام کی خدمت بھی نہیں کرتی انہوں نے کہاکہ 65حلقوں کے بجائے 4حلقوں کی تصدیق کی بات کی تاکہ سسٹم کوٹھیک کیاجاسکے اورآئندہ انتخابات کے شاف ہوسکیں ،ہمارامقصدمڈٹرم الیکشن نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ ملک میں دھاندلی ہوئی توالیکشن نہیں ہونے دیں گے ۔دھاندلی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک الیکٹورل سسٹم ٹھیک نہیں ہوجاتا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کی پوری تحقیقات ہونی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے سڑکوں پرنہ آنے تک نظام کرپٹ لوگوں کے ہاتھ میں ہی رہے گا۔عوام کوسڑکوں پرنکلناہوگا۔انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نے بھی مایوس کیاوہ دھاندلی چھپاناچاہتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ جولوگ ملک میں جمہوریت چوری کرتے ہیں وہ ملک کامستقبل چوری کرتے ہیں ایسے لوگوں کے خلاف آرٹیکل سکس لگناچاہئے۔