آم کی برآمدات پر پابندی ،بھارت نے یورپی یونین کو عالمی تجارتی تنظیم میں گھسیٹنے کی دھمکی دیدی،یورپی یونین کی الفانسو آم کی درآمد پر پابندی کے دوطرفہ تجارتی روابط پر بہت منفی اثرات ہو سکتے ہیں،بھارتی وزیر تجارت آنند شرما

اتوار 4 مئی 2014 07:49

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء)بھارت نے آم کی برآمدات پر پابندی کے معاملے پر یورپی یونین کو عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیوٹی او) میں گھسیٹنے کی دھمکی دے دی ہے۔بھارتی وزیر تجارت آنند شرما نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت میں یورپی یونین کو متنبہ کیا ہے کہ یورپی یونین کی الفانسو آم کی درآمد پر پابندی کے دوطرفہ تجارتی روابط پر بہت منفی اثرات ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ یورپی یونین کے ٹریڈ کمشنر کاریل ڈی گوشٹ پر بذریعہ خط آم اور کریلے و بینگن سمیت 4سبزیوں کی درآمد پر عائد ظالمانہ پابندی ختم کرنے پر زوردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یورپی یونین سمجھ داری کا مظاہرہ کرے گی اور صورتحال کو مزید خراب نہیں کرے گی جس کی وجہ سے ہم ڈبلیوٹی او میں جا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ یورپی یونین پلانٹ ہیلتھ کیئر کمیٹی نے بھارتی پھلوں وسبزیوں کے 207 کنسائمنٹس میں فروٹ فلائیز نکلنے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگیا ہے، بھارت سالانہ 70ہزار ٹن آم برآمد کرتا ہے۔

یورپی یونین کی وجہ سے بھارت میں آم کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی ہے تاہم زرعی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ اس سے غریب کاشت کاروں کو نقصان ہو گا اور ان کی آمدنی کم ہوگی۔