نالج پارک خطے میں بین الاقوامی معیار کا پہلامنفردتعلیمی مرکز ہوگا،وزیراعلیٰ کا لند ن میں نالج پارک منصوبے کے روڈ شو سے خطاب،تعلیم کو عام کیے بغیر عوام میں رواداری، برداشت اور وسعت نظری کے کلچر کو متعارف نہیں کرایا جاسکتا:شہبازشریف،نالج پارک میں اساتذہ اور ملکی و غیر ملکی طلبہ کیلئے رہائش گاہیں،شاپنگ مال،تفریحی مراکز اور زندگی کی دیگر تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی،غیر ملکی تعلیمی اداروں کے کیمپس کھولنے کیلئے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینگے، پہلی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا کیمپس بھی نالج پارک میں بنے گا،انتہا پسندی کے موجودہ رجحان پر صرف بندوق کی گولی سے قابو نہیں پایا جاسکتا ، زمینی حقائق کے مطابق اسباب کا جائزہ لیکر انہیں دور کرنا ہوگا:وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 3 مئی 2014 07:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور میں قائم ہونے والانالج پارک جنوبی ایشیاء کے خطے میں بین الاقوامی معیار کا پہلاتعلیمی مرکز ہوگا،جس میں اساتذہ اور ملکی و غیر ملکی طلبہ کے لئے رہائش گاہیں،شاپنگ مال،تفریحی مراکز اور زندگی کی دیگر تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف لند ن میں نالج پارک کے منصوبے کی تعارفی تقریب سے خطاب کررہے تھے،جس میں برطانوی سرمایہ کاروں ،یونیورسٹیز کے سربراہوں،ڈینزاور ماہرین تعلیم نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورلاہور میں نالج پارک کے قیام کے منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعلی تعلیم کے اپنی نوعیت کے اس منفردمرکزکے قیام کا بنیادی مقصدان پاکستانی نوجوانوں کو اپنے ملک میں اعلی تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنا ہیں جن کے پاس مہنگی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جانے کے لیے وسائل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس نالج پارک میں قائم ہونے والے تعلیمی اداروں میں صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کے طالب علم بھی تعلیم حاصل کریں گے۔

نالج پارک میں غیر ملکی تعلیمی اداروں کے کیمپس کھولنے کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جائیں گی۔پنجاب کی پہلی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا کیمپس بھی نالج پارک میں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کی دوستی مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں پر استوار ہے اور ہم تعلیم کے میدان میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتہاء پسندی اور تشدد کے رجحانات راتوں رات پیدا نہیں ہوئے اور اب انہیں ختم ہونے میں بھی وقت لگے گا ،تاہم ہمیں پاکستان کی موجودہ صورتحال کو اس کے صحیح تاریخی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 40ہزارقیمتی انسانی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔

میں دیانتداری سے یہ سمجھتا ہوں کہ عسکریت اورانتہا پسندی کے موجودہ رجحان پر صرف بندوق کی گولی سے قابو نہیں پایا جاسکتا ،اس کے لیے ہمیں دہشت گردی کے مختلف اسباب کا زمینی حقائق کے مطابق جائزہ لیکر انہیں دور کرنا ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم کو عام کیے بغیر عوام میں رواداری، برداشت اور وسعت نظری کے کلچر کو متعارف نہیں کرایا جاسکتا ،اسی طرح ہمیں معصوم مگر غریب نوجوانوں کو انتہا ء پسندوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے ان کی بیماری اوربھوک کا مداوا کرنا ہوگا۔

تعلیم کے بغیرترقی کا کوئی تصور مکمل نہیں ہوسکتااورتعلیم بذریعہ روزگار ہی نہیں، یہ قوم کو عزت نفس کا سبق بھی دیتی ہے۔پیشتر ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا کہ لاہور کی پرائم لوکیشن پر 852ایکڑ اراضی پر نالج پارک جنوبی ایشیاء کی تعلیمی معیشت میں ایک انقلاب ثابت ہوگااور ہمیں قوی امید ہے کہ مغرب کے اہم تعلیمی ادارے بھی نالج پارک میں اپنے کیمپس قائم کریں گے۔

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی فروغ تعلیم کے لیے کاوشوں اوراقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں مثبت پیش رفت کی جارہی ہے اور برطانیہ پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں فروغ تعلیم کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بہت جلد برطانیہ کا ڈپٹی ہائی کمیشن قائم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :