ملک میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ،خواجہ آصف،بجلی بحران کے خاتمے کی جھوٹی امید نہیں دلاتا،دو تین ماہ میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوام کے لئے سخت ہیں،حالیہ لوڈشیڈنگ درجہ حرارت بڑھنے سے ہوئی ، وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 3 مئی 2014 07:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3مئی۔2014ء)وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ۔لوڈشیڈنگ خاتمے کی جھوٹی امید نہیں دینا چاہتا ،لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تین ماہ عوام کے لئے سخت ہیں،عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔ جو بجلی دے گا اسے ہی بجلی ملے گی ۔ جمعہ کو اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وعدے کے مطابق لوڈشیڈنگ میں کمی کی ۔

اکتوبر سے مارچ تک ملک میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر تھی ۔درجہ حرارت بڑھنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ قابل برداشت رہے۔ 2 یا3 ماہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے مشکل ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام کو برداشت کرنا پڑے گا ۔جلد ہی 2200 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی ۔لوڈشیڈنگ کی عدم ادائیگی کے باعث کئی وفاقی اداروں کی بجلی منقطع کی ہے جس سے حکومت کو تین ارب روپے کا فائدہ ہوا ۔

ہماری کوشش ہے کہ جون تک بجلی کے واجبات کی وصولی کریں ۔انہوں نے یہ دعوی کیا کہ کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہور ہی ۔جو فیڈرز واجبات ادا نہیں کررہے ان فیڈرز کی بجلی بند کی گئی اور چند لوگوں کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کو اس کی سزا بھگتنا پڑ رہی ہے ۔جن علاقوں میں چوری ہوی رہے ہے ان علاقوں سے ٹرانسفارمر اتار لیں گے ۔جو بجلی کا بل ادا نہیں کریگا اسے بجلی نہیں ملے گی ۔ بجلی بندش کے خلاف مظاہروں میں زیادہ تر بجلی چور شامل ہیں ۔بجلی چوروں کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکتے۔