پاکستان دنیا کے سستے ممالک میں سرِ فہرست ہے ،عالمی بینک ، ناروے، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک اور آسٹریلیا دنیا کے مہنگے ترین ممالک جبکہ قطر،مکاؤ، کویت، برونائی اور لگسمبرگ قوت خرید کے اعتبار سے بلند درجہ رکھنے والے ممالک ہیں ،تجزیاتی رپورٹ

جمعہ 2 مئی 2014 06:23

وا شنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء)عالمی بینک کی ایک نئی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کے سستے ممالک میں سرِ فہرست ہے۔مختلف ملکوں کی معیشتوں کے جائزے پر مشتمل سروے کے مطابق پاکستان کے علاوہ مصر، برما، ایتھوپیا اور لاؤس دنیا کے سستے ترین ممالک ہیں جہاں اشیا کی قیمتیں باقی دنیا کے مقابلے میں کم ہیں۔رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ناروے، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک اور آسٹریلیا دنیا کے مہنگے ترین ممالک ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت رکھنے والے ملک امریکہ کا شمار اوسط مہنگائی والے ملک کے طور پر ہوتا ہے جس کا فہرست میں 25 واں نمبر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قوت خرید کے اعتبار سے بلند درجہ رکھنے والے ممالک میں قطر، مکاؤ، کویت، برونائی اور لگسمبرگ شامل ہیں۔سروے رپورٹ دنیا بھر کے ممالک کے لوگوں کی خرچ کرنے کی استطاعت، زر مبادلہ کی شرح اور اس کے اثرات سمیت معاوضے کی ادائیگی کے حساب سے مرتب کی گئی ہے۔