برطانوی وزیر اور عالمی اداروں کی جانب سے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تحسین پورے پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے،شہبازشریف،پنجاب حکومت اپنے تجربات دوسرے صوبوں کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے تیا رہے،گڈ گورننس، ٹرانسپیرنسی اور خود احتسابی ہماری طرز حکومت کے بنیادی ستون ہیں، پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں،اب کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، بیرون ممالک مقیم پاکستانی اپنے تجربات پاکستانی بھائیوں کے ساتھ شیئر کریں، وزیراعلیٰ کی لندن میں پاکستانی وفود سے ملاقاتیں میڈیا سے گفتگو،شہبازشریف نے لاہور میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا انعقاد کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں،پاکستانی وفود

جمعرات 1 مئی 2014 07:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی اور عالمی اداروں کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں حکومت پنجاب کے اقدامات کی تحسین صرف پنجاب کے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لئے فخر کا باعث ہے-پنجاب حکومت اپنے تجربات دوسرے صوبوں کے سا تھ شیئر کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے- پاکستان کے عوام نے ہم پر جو ذمہ داری ڈالی ہے اسے دیانتداری، محنت اور لگن کے سا تھ پورا کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عالمی ادارے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہیں-گڈ گورننس، ٹرانسپیرنسی اور خود احتسابی ہماری طرز حکومت کے بنیادی ستون ہیں،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں لند ن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہاکہ صوبے میں فروغ تعلیم کے لئے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے مالی مشکلات سے دوچار ہونہار طلبا و طالبات معروف تعلیمی اداروں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں- حکومت کے اس انقلابی پروگرام سے محروم معیشت طبقات کے ہونہار بچوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلے ہیں -پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ووچر سکیم کے تحت بھی غریب خاندانوں کے لاکھوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت اب پنجاب میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا- انہوں نے کہاکہ ذہین طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے پوزیشن ہولڈرز کو بیرون ممالک کے تعلیمی اداروں کے مطالعاتی دوروں پر بھجوایا جاتاہے اور اس پروگرام میں نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان ،آزاد کشمیر اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہو رہا ہے- انہوں نے کہاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں بچوں اور بچیوں کو مختلف فنون کی تربیت دی جا چکی ہے- انہوں نے کہاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں عمارتوں کی تعمیر پر وسائل صرف کرنے کی بجائے معروف کمپنیوں کے ذریعے ہنر مند افرادی قوت کی تیار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے-انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ نالج پارک بھی بنایا جا رہے جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے کمیپس قائم کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں عنقریب لاہور میں معروف غیر ملکی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کی کانفرنس کاانعقاد کیا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لندن میں پاکستانی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی انجینئرنگ، طب ،بینکنگ اور دیگر شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیاہے-انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مختلف شعبوں میں حاصل کئے گئے اپنے تجربات پاکستانی بھائیوں سے شیئر کریں- انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہیں -اوورسیز پاکستانی اپنے عمل سے ثابت کریں کہ ہم ایک امن پسند، روادار اور خود دار قوم ہیں- انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پا کستانی محنت، دیانت اور امانت کو اپنا اشعار بنائیں اور ہم ان کے مسائل ترجیحی بنیاوں پر حل کریں گے -انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں پر اگر قبضے ہیں تو وہ خود چھوڑائیں گے -پاکستانی وفود نے لاہور میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے کنونشن کا انعقاد کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں-انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے دلی لگاؤ اورہمدردی رکھتے ہیں- شہبازشریف جس طرح صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔