بجلی چوری کا خاتمہ اولین ترجیح ‘ عدم ادائیگی پربجلی کاٹنا متعلقہ وزارت کی ذمہ داری ہے‘ عابد شیر علی اپنی ذمہ داریاں بلاتفریق ادا کررہے ہیں‘ پرویز رشید، دہشت گرد آزادی چھیننا چاہتے تھے‘ فوج نے تحفظ کیا‘ آج جو صحافت کو آزادی حاصل ہے وہ بھی فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،عمران خان گرمی میں لوگوں کو سڑکوں پرنہ لائیں،پارلیمنٹ میں آکر موقف پیش کریں،وزیراطلاعات کا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 1 مئی 2014 07:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بجلی چوری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ عدم ادائیگی پربجلی منقطع کرنا متعلقہ وزارت کی ذمہ داری ہے‘ عابد شیر علی اپنی ذمہ داریاں بلاتفریق ادا کررہے ہیں‘ کسی مخصوص صوبے کیخلاف کارروائی نہیں کی‘ وطن کیلئے جان قربان کرنے والے ہمارے محسن ہیں‘ ملک میں دہشت گرد آزادی چھیننا چاہتے تھے‘ فوج نے تحفظ کیا‘ آج جو صحافت کو آزادی حاصل ہے وہ بھی فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،عمران خان گرمی میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر سڑکوں پرنہ لائیں۔

قوم نے انہیں ووٹ دئیے۔ وہ پارلیمنٹ میں آکر اپنا موقف پیش کریں۔ بدھ کو اسلام آباد میں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی حکومت کے نمائندے کے طور پر کام کررہے ہیں اور ملک سے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے مہم چلا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی روکنا ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

انہوں نے عدم ادائیگی کے باعث میرے دفتر کی بجلی بھی کاٹ دی ہے اور بلاتفریق کارروائی کررہے ہیں۔ ان کی کسی کیساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور نہ ہی کسی صوبے کیخلاف مہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ بجلی چوری کے خاتمے کی مہم میں عابد شیر علی کی مدد کریں۔ شکایت کرنے والوں سے درخواست ہے کہ شکایت کرنے کی بجائے ملک سے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے متعلقہ وزارت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بحرانوں میں پھنسی ہوئی ہے۔ قوم کو اس وقت بصارت کیساتھ ساتھ بصیرت کی بھی ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑی امن کے سفیر ہیں۔ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنا حکومت کا فرض ہے۔ پاکستانی پرچم دنیا بھر میں بلند کرنے پر قوم ان کھلاڑیوں پر فخر کرتی ہے۔ کھلاڑیوں کو گراؤنڈز سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے۔

کھلاڑیوں کو بے سہارا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی قربانیوں پر قوم فخر کرتی ہے۔ شہداء ہمارے قومی محسن ہیں۔ ہم ان کی قربانیوں سے وطن عزیز میں آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔ اگر ان کی قربانیاں نہ ہوتیں تو کیا ملک میں آزاد صحافت ہوتی؟ آزاد صحافت کا تحفظ فوج کے جوانوں کی وجہ سے ہے۔

دہشت گرد تو آزادی کا تحفظ چھیننا چاہتے تھے۔ آزادی صحافت مسلح افواج کی قرببانیوں کی وجہ سے ہے۔ ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان گرمی میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر سڑکوں پرنہ لائیں۔ قوم نے انہیں ووٹ دئیے۔ وہ پارلیمنٹ میں آکر اپنا موقف پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے تاہم اس حوالے سے مذاکرات کی نگرانی چوہدری نثار علی خان کررہے ہیں۔ اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ نجی چینل کی بندش کے حوالے سے بھی معاملہ پیمرا میں ہے اور پیمرا ہی اس کا فیصلہ کرے گا۔