طالبان کا جنوبی وزیرستان میں عسکری کارروائی پر تحفظات کا اظہار،پروفیسر ابراہیم سے اعظم طارق کا ٹیلیفونک رابطہ،طالبان نے مذاکرات اور جگہ کا ابھی تعین نہیں کیا اور اس پر طالبان شوریٰ کی مشاورت ہورہی ہے،پروفیسر ابراہیم

جمعرات 1 مئی 2014 07:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ طالبان شوریٰ کے رکن اعظم طارق نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کے دورا ن پروفیسر ابراہیم نے بتایا ہے کہ ان کا طالبان شوریٰ کے رکن اعظم طارق سے گذشتہ رات رابطہ ہوا جس میں اعظم طارق نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز جنوبی وزیرستان میں حملے بند کردے اور مذاکرات کیلئے حکومت سنجیدہ روئیے کا مظاہرہ کرے۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طالبان کی شکایت سے حکومت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے مذاکرات اور جگہ کا ابھی تعین نہیں کیا اور اس پر طالبان شوریٰ کی مشاورت ہورہی ہے‘ جیسے ہی ان کی جانب سے جواب آیا تو حکومت کو آگاہ کردیں گے۔