کراچی، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں نیوی اہلکار سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے

جمعرات 1 مئی 2014 07:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں نیوی اہلکار سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت ڈیفنس لائبریری سن سیٹ بلیوارڈ کے قریب سگنل پر مسلح موٹر سائیکل سواروں کی کلٹس کار نمبر AC-5752 پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان نیوی کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، مقتول فیاض علی ولد عبدالقیوم پی این ایس نصر میں تعینات تھا جب کہ حادثے کے وقت نیوی کے اعلی افسر بھی گاڑی میں سوار تھا۔

مقتول کو 6گولیاں ماری گئیں ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کی مزاحمت نہیں لگتا تاہم شبہ ہے کہ حملہ آوروں نے اہلکار کو ٹارگٹ کرکے مارا لیکن یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ٹارگٹ ڈرائیور تھا یا نیوی کا افسر تھا۔

(جاری ہے)

ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ تھانے کی حدود گلشن حدید لنک روڈ کے قریب سے 4 افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ میمن گوٹھ سے برآمد ہونے والی لاشیں 4 گھنٹے پرانی جبکہ انہیں اغوا کرنے کے بعد ہاتھ پاوٴں باندھ کر قریب سے فائرنک کرکے قتل کیا گیا، مقتولین کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں، پولیس کے مطابق میمن گوٹھ سے برآمد ہونے والی لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی تاہم تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول سمیت دیگر شواہد جمع کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

زمان ٹاوٴن تھانے کی حدود عوامی کالونی کورنگی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار ظاہر شاہ جاں بحق اور اس کا دوست زخمی ہو گیا۔کورنگی تھانے کی حدود کورنگی ناصر جمپ کے قریب 40 سالہ امان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جبکہ اورنگی ٹان کے علاقے باچہ خان چوک پر فائرنگ سے35سالہ شکیل احمد ولد محمد سلمان ہلاک ہوگیا مقتول کو سر میں گولی ماری گئی ۔اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن اسلام چوک کے قریب 25سالہ مرسلین ولد حبیب اللہ کو سینے اور سر میں گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ۔جیکسن تھانے کی حدود جناح برج کے قریب ساحل سمندر سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ۔تاہم مقتول کی شناخت نہ ہوسکی۔ لانڈھی کے علاقے سے خاتون کی لاش ملی ہے ۔

متعلقہ عنوان :