عام انتخابات کے دوران ہونے والی دھاندلی کا ذمہ دار حکومت،سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور نجی میڈیا گروپ ہے،عمران خان،گیارہ مئی سے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے ہمراہ ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان، ملک کے لئے بہترین نظام صرف جمہوریت ہے، آئی ایس آئی کے ساتھ کھڑا ہونا اصولی مؤقف ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ 30 اپریل 2014 02:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک مرتبہ پھر عام انتخابات کے دوران ہونے والی دھاندلی کا ذمہ دار حکومت،سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور نجی میڈیا گروپ کو ٹھہراتے ہوئے گیارہ مئی سے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے ہمراہ ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے قائد کے مطابق ملک کے لئے بہترین نظام صرف جمہوریت ہے، آئی ایس آئی کے ساتھ کھڑا ہونا اصولی مؤقف ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں گیارہ مئی کے احتجاج سے متعلق منعقدہ پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے، عوام نے ووٹ کسی کو دیا اور جیت کوئی اور گیا ہے تاہم تحریک انصاف نے ان انتخابات کو تو قبول کر لیا ہے مگر دھاندلی کو قبول نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں حکومت، سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری اور نجی میڈیا گروپ نے ملکر دھاندلی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عام انتخابات میں 35پنکچر لگا کر دھاندلی کروانے والے سابق قائم مقام وزیر اعلی پنجاب و سینئر صحافی کو چیئرمین پی سی بی لگا کر ان کی خدمات کا صلہ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی میڈیا گروپ ن لیگ کے ساتھ مل کر پوری طرح دھاندلی میں ملوث رہا ہے۔

دونوں گروپوں میں جاری لڑائی میں تحریک انصاف کے یکطرفہ اور مشکوک کردار بارے ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ نجی میڈیا گروپ نے آئی ایس آئی اے کے ساتھ زیادتی کی ہے اس لئے تحریک انصاف نے آئی ایس آئی کو اصولی طور پر سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹیں گے اور انہیں سپورٹ کرتے رہیں۔ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی ہے تاہم اپوزیشن جماعتیں متحد نہیں اس لئے تحریک انصاف نے اکیلے ہی دھاندلی کے خلاف نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور طاہرالقادری کو ناصرف خوش آمدید کہا جائے گا بلکہ ان کے ساتھ ملکر احتجاج کو آگے بڑھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں گڈ گورننس کا واحد حل جمہوریت ہے اور ہم جمہوریت کے حق میں ہیں مگر جمہوریت اس قدر مضبوط نہیں جتنا اسے ہونا چاہیئے ، تحریک انصاف جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔