جمرود میں نیٹو کنٹینرز پر مسلح افراد کا حملہ‘ ایک شخص جاں بحق‘ پانچ افراد زخمی‘ کنٹینرز کو بھی شدید نقصان پہنچا

منگل 29 اپریل 2014 10:47

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں نیٹو کنٹینرز پر مسلح افراد کا حملہ‘ ایک شخص جاں بحق‘ پانچ افراد زخمی‘ کنٹینرز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق نیٹو کنٹینرز کارخانوں سے طورخم سرحد کی طرف جارہے تھے کہ جمرود بائی پاس پر مسلح افراد نے نیٹو کنٹینرز پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے جبکہ نیٹو کنٹینرز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے چار مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی جمرود کے علاقے سورکمر پاک افغان شاہراہ پر دو بم دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق جمرود پاک افغان شاہراہ سورکمر کے مقام پر نیٹو کنٹینرز کو اڑانے کیلئے دو بم نصب کئے گئے تھے جوکہ زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے۔ دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جمرود کے علاقے شاہ کس میں سرچ آپریشن کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :