کراچی میں مدرسے پر دستی بم حملے کے نتیجے میں چاربچے جاں بحق، 11 زخمی، دھماکے سے مدرسے کی دیوار کو بھی نقصان پہنچا ، کئی قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،کراچی میں رینجرز نے مزید 86 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست بنا کر وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی، فہرست میں سیاسی،لسانی اور کالعدم تنظیموں کے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل

منگل 29 اپریل 2014 10:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء) فرنٹئیر کالونی میں ایک مدرسے پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے کے نتیجے میں چار بچے جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مومن آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں فرنٹئیر کالونی میں واقع مدرسے میں دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے سے مدرسے کی دیوار کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کئی قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں طبی عملے نے 3 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ 11 کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے جائے واقعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو دہلی کالونی میں بھی ایک مسجد کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ادھرکراچی میں رینجرز نے مزید 86 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست بنا کر وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی۔ فہرست میں سیاسی،لسانی اور کالعدم تنظیموں کے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں۔

ڈی جی رینجرز سندھ کی جانب سے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث چھیاسی افراد کی نئی فہرست مرتب کر لی گئی ہے، فہرست میں سیاسی، لسانی جماعتوں سمیت کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں، ڈی جی رینجرز نے فہرست وزیراعلیٰ سندھ، سیکریٹری داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی سندھ کو ارسال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے ملزمان کے سر کی قیمت مقرر کرنے کی درخواست کی ہے، فہرست میں شامل ملزمان میں سے 38 کا تعلق ایم کیو ایم سے 10 کا اے این پی سے 10 کا سپاہ صحابہ10 سپاہ محمد 9 لشکر جھنگوی اور پیپلز امن کمیٹی سے ہے، ڈی جی رینجرزکے جاری کردہ لیٹر کے مطابق فہرست میں شامل ملزمان ٹارگٹ کلنگ،بم دھماکوں،اغواء برائے تاوان،بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں، ذرائع کے مطابق تیار کردہ فہرست انٹیلی جنس رپورٹس اور سی آئی ڈی کی ریڈ بک کی روشنی میں تیار کی گئی ہے۔

یہ اس سلسلے کی پہلی فہرست ہے جبکہ دو مزید فہرستیں تیاری کے مراحل میں ہیں۔