بچوں کیلئے خدمات کا اعتراف،پاکستانی خاتون کو واشنگٹن کی کونسل نے سی ڈی اے کا اعزاز دیدیا، چائلڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایٹ ہونے کے ناطے آپ ہماری قوم کے نوجوان بچوں کو تعلیم دیں گی،کونسل کی سی ای او کا مراسلہ

پیر 28 اپریل 2014 08:42

الیگزنیڈریا،ورجینیا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اپریل۔ 2014ء)پاکستانی نژاد خاتون قمر النساء کو واشنگٹن میں پیشہ وارانہ خدمات کی کونسل نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے کام کرنے پر ان کی خدمات کے اعتراف میں چائلڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایٹ (سی ڈی اے)کا اعزاز دیا ہے ۔کونسل قومی سطح پر بچوں کے لئے کام کرنے والی شخصیات اور اداروں کو یہ اعزازات دیتی ہے جس کا مقصد ان لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

کونسل کی سی ای او ویلورا نے مبارکباد کے مراسلے میں کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ نوجوان بچوں اور ان کے خاندانوں کے لئے آپ کی خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے خصوصی علم اور مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ ایک باعث افتخار بات ہے کہ آپ نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ ویلورا نے کہا کہ چائلڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایٹ ہونے کے ناطے آپ ہماری قوم کے نوجوان بچوں کو تعلیم دیں گی اور زندگی کے اہم مرحلے میں ان کی نشونما اور بہتری میں مدد دیں گی ۔اس کام کی اہمیت کا انکار نہیں کیا جا سکتا کہ آپ نے قوم کے مستقبل کی بنیاد رکھنا ہے۔