شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے، کیپٹن سمیت 3سیکورٹی اہلکار شہید ، 9اہلکار زخمی،صدر وزیراعظم کی دھماکے کی مذمت،لواحقین سے اظہار ہمدردی،پشاور ائیرپورٹ پر نامعلوم سمت سے راکٹ فائر ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک راکٹ رن وے دوسرا ائیر رپورٹ کے باہر گرا، ائیر پورٹ خالی کر لیا گیا

پیر 28 اپریل 2014 08:36

پشاور (رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اپریل۔ 2014ء) شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن سمیت3سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ 3اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ عسکری ذرائع کے مطابق شمالی و جنوبی وزیرستان کی سرحد کے نزدیک ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ، جس سے گاڑی میں موجود ایک کیپٹن سمیت3اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 3زخمی ہو گئے ۔

دوسری طرف شمالی وزیرستان کے علاقہ رزمک میں بھی ایک گاڑی باروری سرنگ سے ٹکرا گئی جس میں 6سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین ،وزیراعظم محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،چوہدری شجاعت حسین،اسفندیارولی،صوبائی وزرائے اعلیٰ وگورنرز اور وفاقی و صوبائی وزراء نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،صدر اور وزیراعظم نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرپشاور ائیرپورٹ پر نامعلوم سمت سے راکٹوں سے حملہ کیا گیاہے، حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، ایئر رپورٹ مسافروں سے خالی کرا لیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کی رات پشاور ائیرپورٹ پر نامعلوم سمت سے 2 راکٹ فائر کیے گئے ہیں ، ایک راکٹ رن وے اور دوسرا ائیر رپورٹ کی بانڈری کے اندر گر ا ، حملے کے بعد ائیر رپورٹ مسافروں سے خالی کر الیا گیا، پولیس کے مطابق راکٹ خیبر ایجنسی سے داغے گئے اے ایس ایف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی بھی قسم کے جانی ومالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔