عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے جارہے ہیں،شہبازشریف،عام آدمی،کاشتکار،مزدور ااور احساس محرومی کا شکار لوگوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،ہم امین بن کر قوم کا ایک ایک روپیہ شفافیت سے ملک کی بہتری اور لوگوں کی فلاح پر خرچ کریں گے،جب تک وطن عزیز کے اندھیرے ختم نہیں ہوں گے میں اور وزیر اعظم نوازشریف چین سے نہیں بیٹھیں گے،وہ وقت دورنہیں جب ہمارے ٹیوب ویل اور صنعتوں کا پہیہ کبھی بند نہیں ہوگا،ہم کسانوں کو بلا تعطل اور سستی بجلی فراہم کریں گے، گند م کی کٹائی مہم کے افتتاح کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 27 اپریل 2014 08:18

دیپالپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے جارہے ہیں،عام آدمی،کاشتکار،مزدور ااور احساس محرومی کا شکار لوگوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،ہم امین بن کر قوم کا ایک ایک روپیہ شفافیت سے ملک کی بہتری اور لوگوں کی فلاح پر خرچ کریں گے۔

جب تک وطن عزیز کے اندھیرے ختم نہیں ہوں گے میں اور وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وہ وقت دورنہیں جب ہمارے ٹیوب ویل اور صنعتوں کا پہیہ کبھی بند نہیں ہوگا۔ہم کسانوں کو بلا تعطل اور سستی بجلی فراہم کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وپیداوار راؤ محمد اجمل خان کی رہائش گاہ برج الیاس خان میں گند م کی کٹائی مہم کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ میاں شہبازشریف نے کہاکہ کسان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ملک کی زرعی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ۔اللہ تعالیٰ نے انکی محنت کا صلہ بھرپوراندازمیں دیا ہے ،رواں سال نہ صرف ملک میں گندم وافر مقدار میں ہوگی بلکہ ہم گندم کو برآمد کرکے کثیر زرِ مبادلہ کمائیں گے۔انہوں نے کہا بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بچنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔

پورٹ قاسم اور ساہیوال میں بجلی کے منصوبوں کا آغاز مئی میں کردیا جائے گا۔بدنام زمانہ نندی پور پاورپراجیکٹ پیپلز پارٹی کی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے کھٹائی میں پڑگیا جسے اب موجودہ حکومت نے چائنہ کی کمپنی کے تعاون سے پاکستانی اور چائنہ کے انجنئیرز کی مشترکہ کوششوں اور کاوشوں سے مکمل کرلیا گیا ہے جو اگلے ماہ اپنا کام شروع کردے گا۔

انہوں نے دیپالپور میں زرعی یونیورسٹی کا قیام ،گرلز ڈگری کالج کی تعمیر،ٹی ایچ کیو ہسپتا ل کی اپ گریڈیشن ،ٹراماسنٹر کے قیام کی منظوری ،علاقہ کو فری انڈسٹریل سٹیٹ قراردینے کی منظوری ،جناح پارک میں فلڈلائٹس کی تنصیب اور دیپالپور پریس کلب کو دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔اس سے پہلے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راؤ محمد اجمل خان نے بھی خطاب کیا۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے حجرہ شاہ مقیم اور شیرگڑھ میں بھی مختصر قیام کیا۔اس موقع پر ندیم عباس ربیرہ ایم این اے،سردار منصب ڈوگر ایم این اے،رانا محمد اسحاق ایم این اے،میاں معین خاں وٹو ایم این اے،ملک علی عباس کھوکھر ایم پی اے،سید رضاعلی گیلانی ایم پی ے،افتخار احمد چھچھر ایم پی ے،اور ملک محمد عباس کھوکھر سابق ایم پی اے بھی موجود تھے۔