سپریم کورٹ کا تاسف ملک لاپتہ کیس میں اہلخانہ سے علیحدگی میں ملاقات نہ کرانے پر اظہار برہمی ، وزارت دفاع 13مئی تک لاپتہ نوجوان سے اہلخانہ کی ملاقات کرا کر جواب عدالت میں پیش کرے ،عدالت ، وزارت دفاع کے اعتراض پر عدالت نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو تاسف ملک کیس کی پیروی سے روک دیا

ہفتہ 26 اپریل 2014 08:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) سپریم کورٹ نے تاسف ملک لاپتہ کیس میں اہلخانہ سے علیحدگی میں ملاقات نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت دفاع کو حکم دیا ہے کہ 13مئی تک لاپتہ نوجوان سے ان کے اہلخانہ کی ملاقات کرا کر جواب عدالت میں پیش کیا جائے ۔ وزارت دفاع کے اعتراض لگانے پر عدالت نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو تاسف ملک کیس کی پیروی سے روک دیا ہے ۔

جسٹس ناصر الملک نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ایسے کیا حالات ہوگئے ہیں کہ لاپتہ نوجوان سے ان کے اہلخانہ کی ملاقات نہیں کرائی جاسکتی ۔ قانون کسی بھی شہری سے اس کے اہلخان کی ملاقات سے نہیں روکتا ۔

(جاری ہے)

اگر ان کیخلاف کسی قسم کا کوئی مقدمہ ہے تو وہ سامنے لایا جائے انہوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روز دیئے ہیں جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عتیق شاہ ، تاسف کی اہلیہ طاہرہ ملک کے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل وزارت دفاع عرفان پیش ہوئے عدالت کو بتایا گیا کہ تاسف ملک سے ان کی اہلیہ کی علیحدگی میں ملاقات نہیں کرائی جاسکی ہے عتیق شاہ نے عدالت کو بتایا کہ حالات ایسے ہیں کہ جن میں یہ ملاقات کرانا ممکن نہیں ہے اس کے لئے کچھ عرصہ انتظار کرنا پڑے گا اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا کہ ایسے بھی حالات خراب نہیں ہیں کہ ملاقات نہ کرائی جاسکے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے عدالت کو بتایا کہ تاسف ملک کے حوالے سے اعلی حکام پہلے سے جانتے تھے مگر عدالت کو حقائق نہیں بتائے گئے ان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی اس پر ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل وزارت دفاع نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کی بطور کیل سپریم کورٹ میں پیش ہونے پراعتراض کیا اور عدالت کو بتایا کہ انعام الرحیم سپریم کورٹ کے وکیل نہیں ہیں لہذا یہ مقدمے میں پیش نہیں ہوسکے اس پر عدالت نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو مقدمہ کی پیروی سے روک دیا اور درخواست گزار کو نئے وکیل مقرر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :