بہتر مالیاتی انتظام کے بغیر مالی استحکام کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا ،اسحاق ڈار، مالی استحکام اور قرضوں کی ادائیگیوں میں توازن بہتر معیشت کے لئے ناگزیر ہے، ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 25 اپریل 2014 08:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بہتر مالیاتی انتظام کے بغیر مالی استحکام کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔حکومت اس بات سے واقف ہے کہ مالی استحکام اور قرضوں کی ادائیگیوں میں توازن بہتر میعشت کے لئے ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو مقامی ہوٹل میں وزارت خزانہ اور عالمی بینک کی جابن سے مشترکہ طور پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لئے ہم نے وسط مدتی بجٹ کی منصوبہ بندی کی ہے جس کا مقصد تین سالوں میں مالی خسارے کو مجموعی جی ڈی پی کے تناسب سے چار فیصد پر لانا ہے اس سے ہمارے قومی قرضے جی ڈی پی کے 60 فیصد سے بھی کم ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی بجٹ کا بہتر انتظام انتہائی نازک مسئلہ ہے جس سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو نمٹانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ بہتر اقتصادی انتظام حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ماضی میں مالی انتظام میں بے قاعدگیوں کے سبب ملک کو افراط زر ،بے روز گاری ،قرضوں کے بوجھ اور سست معاشی ترقی کی صورت میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا جس سے موجودہ حکومت موثر طور پر نمٹنے کے لئے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔