حاجیوں کیلئے سعودی عرب کمپنیوں سے کھانے لینے کی پابندی ، وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر مذہبی امور کو کو طلب کرکے وضاحت طلب کرلی ،سعودی حکام نے کھانا دینے کے معاملے میں پاکستانی حاجیوں کو استثنیٰ دینے سے معذرت کردی ،فیصلے پر نظر ثانی کیلئے بھی خط لکھ دیا ، پابندی کی صورت میں فی حاجی 700ریال اضافی ادا کرنا ہونگے ، سردار یوسف

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:37

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے حاجیوں کے لیے سعودی عرب کی کمپنیوں سے کھانے لینے کی پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے سعودی عرب کو لکھے گئے خط کی تفصیلات طلب کرلیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے حاجیوں پر کھانے کی پابندی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سردار یوسف کو طلب کیا اور ان سے معاملے کی تفصیلات پوچھیں جس پر سردار یوسف نے کہا کہ پابندی کے معاملے پر سعودی حکام کو خط لکھا ہے لیکن سعودی حکام نے کھانا دینے کے معاملے میں پاکستانی حاجیوں کو استثنیٰ دینے سے معذرت کرلی ہے.

جس کے بعد سعودی حکومت کو فیصلے پر نظر ثانی کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے یہ خط عربی اور انگریزی زبان میں لکھا گیا ہے وزیراعظم نے اس معاملے پر خط کی کاپیاں اور دیگر تفصیلات مانگ لیں ہیں جو وزیراعظم کو ارسال کردی ہیں ۔

سردار یوسف نے کہا کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی صرف پاکستان کے لیے نہیں تمام ممالک کے لئے ہے کھانے کی مد میں فی حاجی 700ریال اضافی ادا کرنا ہونگے ۔