پاکستان عوامی تحریک کا اپنا احتجاج کامیاب کرنے کیلئے تحریک انصاف کو ساتھ ملانے کا فیصلہ،پی ٹی آئی نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا

جمعہ 18 اپریل 2014 06:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)پاکستان عوامی تحریک نے اپنا احتجاج کامیاب کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کرلیا،پی ٹی آئی نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا، پی اے ٹی کے صوبائی صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ،صحت،تعلیم ،روزگار اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ،ارباب اقتدار کے ذاتی کاروبار خوب ترقی کر رہے ہیں 11مئی جعلی الیکشن کی برسی کا دن ہے ،ہر چھوٹی بات پر سو مو ٹو لینے والی عدالتوں نے بھی ملک کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے نام نہاد الیکشن پر کوئی سو موٹو نہیں لیا ۔

ان خیالات کا اظہار بشارت عزیز جسپال نے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹریٹ میں PTIکے صوبائی صدر اعجاز چوہدری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس موقع پر فیاض وڑائچ،میاں عبد القادر،چوھدری ذوالفقار ایڈووکیٹ،مشتاق نوناری ایڈووکیٹ،راجہ زاہد،راجہ ندیم،عبد الحفیظ چوہدری و دیگر بھی موجودتھے ۔

بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پاکستانی عوام مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کا ساتھ دے ۔عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے والا واحد راستہ یہ ہے کہ موجودہ نظام انتخاب کو مسترد کر کے سبز انقلاب لایا جائے ۔حکمرانوں نے فوج کا مورال گرا کر دہشت گردوں کا مورال بلند کیا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ کی طرح محبت اور دعوت دینے میں پہل کی ہے ۔

پارٹی کے چیئر مین عمران خان ڈاکٹر طاہر القادری کے خیالات سے اتفاق کرتے ہیں اور نام لے کر کئی بار انکی باتوں کی تائید کر چکے ہیں۔ملک و قوم دھاندلی و پنکچر زدہ نظام کے نتائج لوڈ شیڈنگ،دہشتگردی،مہنگائی اور بے روز گاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد سے 100فی صد اتفاق کرتی ہے ۔

11مئی کے حوالے سے دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔19اپریل کو پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے اجلاس طلب کیا ہے جس میں 11مئی کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے مظاہروں میں شرکت کا فیصلہ اور لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔یقینا پاکستان تحریک انصاف کا جواب مثبت ہو گا اور کوشش ہو گی کہ 11مئی کو پاکستان تحریک انصاف پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر احتجاج کرے۔انہوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں کو مل کر مظاہروں کی ایک سیریل چلانا چاہیے جس کے نتیجے میں 62،63 اور آئین کی دیگر شقوں پر عمل ہو جائے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ملک سے باہر ہیں جونہی وہ پاکستان واپس آئیں گے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی قائدین سے ملاقات کریں گے ۔