صدر ممنون حسین سے جنوبی کوریا کے وزیراعظم کی ملاقات، دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی و اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال، صدر کی کوریائی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت،موجودہ حکومت تجارت کی ترقی کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہے‘ ممنون حسین،اقتصادی تعاون حکومت کی خارجہ پالیسی کا لازمی حصہ ہے‘ صدر مملکت کی مالدیپ ‘ سنگاپور اور برونائی کیلئے نئے تعینات ہونے والے سفیروں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 16 اپریل 2014 06:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے جنوبی کوریا کے وزیراعظم چونگ ہونگ وون کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔منگل کے روز صدر ممنون حسین سے جنوبی کوریا کے وزیراعظم چونگ ہونگ وون نے ایوان صدر میں ملاقات کی اور ملاقات میں دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور تجارتی و اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چونگ ہونگ وون کے دورہ پاسکتان سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں جبکہ صدر مملکت نے جنوبی کوریا کے کمپنیوں کو بنیادی ڈھانچے اور نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے دی جبکہ ممنون حسین نے جنوبی کوریا کے وزیراعظم کو مشورہ بھی دیا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں کا انعقاد کیا جائے اس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس پر جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے ممنون حسین کی تمام خواہشات کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا بھی پاکستان کے ساتھ اقصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تجارت کی ترقی کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہے اور اقتصادی تعاون حکومت کی خارجہ پالیسی کا لازمی حصہ ہے۔ دنیا کی مارکیٹوں میں پاکستان کے اقتصادی اشاریوں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تمام سفارتکاروں کو اقتصادی سفارتکاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مالدیپ ‘ سنگاپور اور برونائی کے لئے نئے تعینات ہونے والے پاکستانی ہائی کمشنروں تنویر اے خاصخیلی ‘سید سیال عباس‘ اور بریگیڈیئر (ر) محمد ظریف ملک سے ایوان صدر میں الگ الگ ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے سفیروں سے ان کی نئی تعینات سے متعلق معاملات پر گفتگو کی صدر مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی تعیناتی کے ملکوں اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی تعلقات کو مزید گہرا بنانے پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ مالدیپ ‘ سنگاپور اور برونائی سے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ نئے تعینات ہونے والے سفیر ان ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور کمرشل تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پورے جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔

سفیروں نے صدر مملکت کا ان پر اعتماد کرنے کا شکریہ اداکیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی تعیناتی کے ملکوں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ خصوصاً تجارت کا فروغ ‘ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔