پاک کوریا وزرائے اعظم کے وفود کی سطح کے مذاکرات اور ون آن ملاقات،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق،پاکستان اورجنوبی کوریا کے سرمایہ کاری اورتوانائی کے شعبوں میں3 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط،جنوبی کوریا ایک ہزار میگاواٹ کے گول پور پن بجلی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا،پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،غیر ملکی سرمایہ کار بلا جھجک سرمایہ لگائیں،نواز شریف،پاک چین فری اقتصادی زون سے سرمایہ کاری کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا، کوریا سمیت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں، کوریا سے آزاد تجارتی معائدے کے خواہاں ہیں،وزیر اعظم کی کوریائی ہم منصب سے گفتگو، پاکستان سے تعلقات پر فخر کر تے ہیں ۔امید ہے آئندہ ان تعلقات کو مزید و سعت دی جائے گی ۔کورین وزیر اعظم، وزاعظم نواز شریف کا کوریائی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ

منگل 15 اپریل 2014 06:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کوریا سمیت دیگر تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین فری اقتصادی زون سے سرمایہ کاری کے مزید وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے کورئین وزیراعظم چنگ ہانگ وان اور ان کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جس نے پیر کو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

وفود کے سطح کے مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ کورین کے وفد میں پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر ڈاکٹر سونگ جانگ ہوان ،نائب وزیر خارجہ ،تجارت وتوانائی کے نائب وزیر اور دیگر حکام شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد میں وزیر اعظم کے علاوہ وزیر تجارت خرم دستگیر،منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال، قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز،وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کوریا میں ہونے والی پیشرفت اور ترقی کو دیکھ کر خوشی محسوس کرتا ہے اور کورئین تجربے سے سب کچھ سیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔جمہوریہ کوریا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تجارتی تعلقات سے میاں نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی تجارتی تعلقات اور باہمی تجارت کاحم 6-1 ارب سے تجاوز کر چکا ہے ۔پاکستان دونوں ممالک کے درمیان فری تجارتی معاہدے کا خواہاں ہے جو تجارت کے فروغ اور معاشی استحکام کے لئے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کور ین سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کار کمپنیز توانائی سمیت کئی شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کر سکتی ہیں ۔حکومت پاکستان انہیں ہر ممکن تحفظ اور سہولیات فراہم کرے گی ۔اس موقع پر کورئین وزیر اعظم نے پاکستان آمد کے موقع پر شاندار استقبال پر حکومت اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے ۔

امید ہے کہ آئندہ ان تعلقات کو مزید و سعت دی جائے گی ۔ وفود کی سطح کے مزاکرات سے قبل دونوں وزارئے اعظم نے ون آن ون ملاقات کی ۔ جس میں دونوں رہنماوں نے پاک کوریا تعلقات سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کوریا کے وزیر اعظم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 31 سال کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد پہلے کورین وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ہم خوش ہیں اور ہم جمہوریہ کوریا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو توسیع دینا چاہتے ہیں ۔

بعد میں وزاعظم نواز شریف نے دورہ کرنے والے کوریائی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔قبل ازیں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اورتوانائی کے شعبوں میں3 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کئے گئے۔ ۔یہ معاہدے پاکستان بزنس کونسل اور کوریا کے وفاق ہائے صنعت اور دونوں ملکوں کے وفاق ہائے ایوان صنعت وتجارت کے درمیان (پیر) کواسلام آباد میں طے پائے۔ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت جنوبی کوریا ایک ہزار میگاواٹ کے گول پور پن بجلی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔