پاکستانی روپیہ نے ڈالر کے چھکے چھڑا دیئے،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ روپیہ نے پاکستانی قدر کو تیزی کے ساتھ گرا تے ہوئے اپنے سامنے گھٹناٹیکنے پر مجبور کر دیا، انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر97روپے سے کم ہو کر96روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر99روپے سے کم ہو کر98روپے کی سطح پر آگیا، ڈالر گرنے سے جہاں کروڑوں پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، وہیں منافع کے مارے چند برآمد کنندگان نے رونا پیٹنا شروع کر دیا، برآ کنندگان نے ڈالر کو مہنگا کرنے کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا تاکہ برآمد کنندگان کے برآمدی مالیت میں اضافہ ہوسکے

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء ) پاکستانی روپیہ نے ڈالر کے چھکے چھڑا دیئے ،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ روپیہ نے پاکستانی قدر کو تیزی کے ساتھ گرا تے ہوئے اپنے سامنے گھٹناٹیکنے پر مجبور کر دیا ،جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر97روپے سے کم ہو کر96روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر99روپے سے کم ہو کر98روپے کی سطح پر آگیا اس طرح صرف جمعہ کے دن روپے کی قدر میں40پیسے سے 1روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

دوسری جانب ڈالر گرنے سے جہاں کروڑوں پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، وہیں منافع کے مارے چند برآمد کنندگان نے رونا پیٹنا شروع کر دیااور برآ کنندگان نے ڈالر کو مہنگا کرنے کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا تاکہ برآمد کنندگان کے برآمدی مالیت میں اضافہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

کرنسی مارکیٹ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر بڑھی ہے ۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں40پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 96.90روپے سے کم ہو کر96.50روپے اور قیمت فروخت 97روپے سے کم ہو کر96.60روپے ہو گئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں 1روپے کی نمایاں کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 99.30روپے سے کم ہو کر98.30روپے اور قیمت فروخت 99.50روپے سے کم ہو کر98.50روپے ہو گئی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق جمعہ کو یورو کی قدر بھی1روپے گھٹ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 136روپے سے کم ہو کر135روپے اور قیمت فروخت 136.50روپے سے کم ہو کر135.50روپے پر آگئی جبکہ1.75روپے کی ریکارڈ کمی سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 164.75روپے سے کم ہو کر163روپے اور قیمت فروخت 165.25روپے سے کم ہو کر163.50روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روپے کے مقابلے یو اے ای درہم اور سعودی ریال کی قدر میں بھی بالترتیب 40،35پیسے کمی واقع ہوئی جس سے یو اے ای درہم کی قیمت فروخت27.20روپے سے کم ہو کر26.80روپے اور سعودی ریال کی قیمت فروخت 26.45روپے سے کم ہو کر26.10روپے ہو گئی ۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کے یورو بانڈز کی فروخت سے آمدنی کا تخمینہ50 کروڑ کے بجائے اب2 ارب ڈالر کی توقعات نے روپے کو مزید مستحکم کردیا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر رکھنے والے ڈالر بیچ دیں، ورنہ گھاٹے میں رہیں گے، کیونکہ ملک کے دس بڑے شہروں میں ڈالر کے لئے کاونٹرز بنا دیئے گئے ہیں، جہاں لوگ جا کر جب چاہیں ڈالر لے سکتے ہیں۔

دوسری جانب خدا خدا کر کے روپے نے جان پکڑی اور ڈالر 96روپے کی سطح پر کیا آیا کہ برآمدکنندگان کو یہ خوشی ہضم نہیں ہورہی، بضد ہیں کہ حکومت ڈالر کو مزید پستی میں گرنے سے بچائے۔ بار بار حکومتی نمائندوں کو پکڑتے ہیں اور روتے پیٹے ہیں کہ منافع بڑھانے کے لئے ڈالر کو اوپر کرو، لیکن اس بار حکومت نے سنجیدگی سے کہہ دیا ہے کہ ڈالر گر گیا تو اتنا شور مچانے کی کیا ضرورت ہے، بہت منافع کمالیا، اب تھوڑا کم ہوگیا تو برداشت کریں۔

متعلقہ عنوان :