ملک حالت جنگ میں ہے ، وزیراعظم کا مذاکراتی عمل نیک نیتی پر مبنی ہے،حمزہ شہباز ،معصوم لوگوں پر حملے پوری انسانیت پر حملوں کے مترادف ہیں،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 11 اپریل 2014 06:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنماء حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں پر حملے پوری انسانیت پر حملوں کے مترادف ہیں ‘ ملک حالت جنگ میں ہے‘ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کررہے ہیں اور ملک کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں‘ مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جو عمل شروع کیا ہے وہ نیک نیتی پر مبنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پمز ہسپتال اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں جب وہ پمز ہسپتال پہنچے تو وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرام‘ ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف‘ پمز کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ خان نے ان کا استقبال کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جو حملے ہورہے ہیں یہ غلط اقدام ہے اور اس سے انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان ماؤں‘ بچوں اور بزرگوں سے پوچھیں جن کے لخت جگر قبرستانوں میں اتارے جاتے ہیں۔ اس خاندان کی کیا کیفیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سوچ پر حملہ کیا جارہا ہے۔ ہم آگے جانا چاہتے ہیں اور ہمیں پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔ بچوں‘ بزرگوں اور معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف مذاکراتی عمل میں خلوص نیت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا امن کی بحالی ہے جسے ہر حال میں آگے بڑھنا ہے

متعلقہ عنوان :