سپریم کورٹ نے عام انتخابات کے دوران عدالتی ہدایات پر عملدرآمد بارے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ، انگوٹھوں کی تصدیق بارے عمران خان کی درخواست کی سماعت بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی

جمعہ 11 اپریل 2014 06:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء) سپریم کورٹ نے عام انتخابات کے دوران عدالتی ہدایات پر عملدرآمد بارے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تفصیلی جواب طلب کیا ہے اور انتخابات کے دوران انگوٹھوں کی تصدیق بارے عمران خان کی درخواست کی سماعت بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی۔

پاکستان ورکرز پارٹی کے کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ بلال حسن منٹو وکیل نے بتایا ہے کہ کچھ چیزیں آسان اور کچھ مشکل ہوگئی ہیں ان کا فیصلہ ضروری ہے۔ ایک اور درخواست عملدرآمد کے حوالے سے وہ مختلف درخواست ہے‘ الگ سے سماعت کی جائے‘ نظرثانی کی سماعت ملتوی کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا تھا کہ عدالتی ہدایات پر پیراوائز جواب مانگا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اس کا جواب دیا ہے۔ اس کا جواب الجواب دیا ہے جو ایک کالم کی صورت میں ہے۔ اب الیکشن ہوچکے ہیں۔ الیکشن کے بعد ان انتخابات میں کس طرح سے عدالتی ہدایات پر عمل کیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ آپ اس حوالے سے تحریری طور پر لکھ کر دیں۔ اب آپ جو بات کررہے ہیں موثر نہیں ہوگی‘ بہتر ہوگا کہ آپ نئی درخواست دائر کریں‘ نئی درخواست کیلئے وقت دیا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے انتخابات کے بعد عدالتی حکم پر عملدرآمد بارے جواب دیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے کہا کہ انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق بارے کیس کی سماعت بھی اس کیس کیساتھ ہی کی جائے گی۔