فیصل آباد، الیکشن ٹریبونل نے (ن) لیگ کے ایم این اے شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دے دیا،الیکشن کمیشن نے مولانا محمد احمد لدھیانوی کو ایم این اے قراردیدیا، جیتا ہوا امیدوار نااہل ہوجائے یا وفات پا جائے تو دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں، ٹریبونل کا فیصلہ آنے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کرسکیں گے،حکام الیکشن کمیشن

جمعرات 10 اپریل 2014 07:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء) الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دے کر حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا الیکشن ٹریبونل نے بدھ کے روز این اے 89 جھنگ سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دے دیا ہے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ حلقے میں دوبارہ انتخابات کرائے واضح رہے کہ شیخ محمد اکرم کے خلاف متحدہ دینی محاذ کے راہنماء مولانا احمد لدھیانوی نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی کہ انہوں نے دھاندلی کرائی جعلی بیلٹ پیپرز چھپوائے اور بوگس ووٹ ڈلوائے الیکشن ٹریبونل نے مقدمہ کی سماعت کے بعد شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دے دیا ہے شیخ محمد اکرم وقاص اکرم کے والد ہیں شیخ وقاص اکرم مشرف دور میں وفاقی وزیر تھے۔

(جاری ہے)

ادھرقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89جھنگ سے مولانا محمد احمد لدھیانوی کو ایم این اے نے قرار دے دیا گیاہے ، الیکشن ٹربیونل نے کامیابی کے نوٹیفکیشن کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھجوادیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی جیتا ہوا امیدوار نااہل ہوجائے یا وفات پا جائے تو وہاں دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تاہم الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا فیصلہ آنے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کرسکیں گے ۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کوبتایا کہ الیکشن ٹریبونل نے مولانا احمد لدھیانوی کی درخواست پر شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دیا ہے الیکشن ٹریبونل نے فیصلے میں لکھا ہے کہ شیخ محمد اکرم آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے اور وہ نااہل ہیں جس کے بعد مولانا احمد لدھیانوی اس حلقے کے کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں احمد لدھیانوی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89جھنگ سے 74ہزار ووٹ حاصل کئے تھے اور یہاں مسلم لیگ (ن) کے شیخ محمد اکرم اس حلقے سے کامیاب قرار پائے تھے جس کیخلاف مولانا احمد لدھیانوی نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی جس پر بدھ کو الیکشن ٹریبونل نے شیخ محمد اکرم کو نااہل قراردیا ہے ۔

خبر رساں ادارے کو الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ کوئی بھی جیتا ہوا امیدوار نااہل ہوجائے یا وفات پا جائے تو وہاں ان کی نشست پر دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں اگر کوئی جیتا ہوا امیدوار دوبارہ گنتی میں ہار جائے تو وہ گنتی میں جو امیدوار جیت جائے تو اس کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا جب الیکشن کمیشن کو فیصلہ موصول ہوجائے گا تو اس پر اپنی حتمی رائے دے گا ۔