پاکستان اورچین کے مابین معاشی و تجارتی روابط میں تیزی آئی ہے، شہبا ز شریف،چینی قیادت کو پاکستان میں توانائی بحران کی سنگینی کا بھر پور احساس ہے، چین ایک مخلص دوست کی طرح پاکستان کے عوام کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہتا ہے،دونوں ممالک کے معاشی تعاون ،سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے نئے دور سے پاکستان کی اقتصادیات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،وزیراعلیٰ کی چین میں چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو

جمعرات 10 اپریل 2014 06:58

بیجنگ ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان ہونے والی ہر نئی ملاقات ان تعلقات کے مزید استحکام کا باعث بنتی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ۔

وہ دورہ چین کے دوران سرکاری ونجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ملاقات کے دوران توانائی،انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گذشتہ چند ما ہ کے دوران پاکستان اورچین کے مابین معاشی و تجارتی روابط میں تیزی آئی ہے اور ہم اس دور کو یقینی طورپر پاک چین تعلقات کی تاریخ کا ایک نیا باب قرار دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی تعاون ،سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے نئے دور سے پاکستان کی اقتصادیات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان کے لیے 32ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان ملکوں کے باہمی تعلقات کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی قیادت اورحکومت کو پاکستان میں توانائی بحران کی سنگینی کا بھر پور احساس ہے۔

پاکستان جن مشکلات سے دوچار ہے چینی قیادت اس سے بخوبی آگا ہ ہے اور چین ایک مخلص دوست کی طرح پاکستان کے عوام کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کے لیے تاریخی اقتصادی پیکیج کااعلان کیا گیا ہے ،اس پیکیج کے تحت توانائی،انفراسٹرکچر اورٹرانسپورٹ کے شعبوں کی بہتری کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہا کہ پاکستان چین کے سرمایہ کاروں کے لیے دوسر ا گھر ہے اور پاکستان خصوصاً پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات اور سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ متعدد چینی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں اور کاروبار سے منافع بھی کمائیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے ۔

متعلقہ عنوان :